پی ایم اینڈ ڈی سی کی رجسٹریشن خدمات میں بہتری، 99 فیصد درخواستیں نمٹا دی گئیں
پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے آن لائن رجسٹریشن نظام کو اپ گریڈ کرتے ہوئے 3 لاکھ 4 ہزار سے زائد درخواستوں میں سے 99 فیصد سے زیادہ پر کارروائی مکمل کر لی، جس سے ڈاکٹروں کو دفتر آنے کی ضرورت ختم ہو گئی۔

پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم اینڈ ڈی سی) نے رجسٹریشن خدمات میں نمایاں بہتری لاتے ہوئے موصول ہونے والی درخواستوں میں سے 99 فیصد سے زائد پر کارروائی مکمل کر لی ہے۔ کونسل کے مطابق مجموعی طور پر 3 لاکھ 4 ہزار 819 درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے 3 لاکھ 2 ہزار 587 نمٹا دی گئیں۔
پی ایم اینڈ ڈی سی کے مطابق صدر پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج کی ہدایات پر رجسٹریشن نظام کو اپ گریڈ کرنے اور درخواستوں کی تیز رفتار پراسیسنگ کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ اس بہتری کا مقصد ڈاکٹروں کو درپیش دشواریوں کو کم کرنا اور رجسٹریشن کے عمل کو زیادہ مؤثر بنانا ہے۔
کونسل کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق 90 ہزار 683 فل لائسنس کی تجدید کی درخواستیں نمٹائی گئیں، جبکہ 54 ہزار 44 فل لائسنس اور 51 ہزار 702 پروویژنل لائسنس جاری کیے گئے۔ اس کے علاوہ گڈ اسٹینڈنگ سرٹیفکیٹس کی 40 ہزار 619، پوسٹ گریجویٹ قابلیت کی 17 ہزار 158 اور فیکلٹی رجسٹریشن کی 11 ہزار 65 درخواستوں پر کارروائی مکمل کی گئی۔
پی ایم اینڈ ڈی سی کے مطابق آن لائن رجسٹریشن نظام میں بہتری کی وجہ سے ڈاکٹروں کو اب غیر ضروری طور پر دفاتر آنے کی ضرورت نہیں رہی۔ اس اقدام سے نہ صرف وقت اور اخراجات کی بچت ہو رہی ہے بلکہ درخواستوں میں خامیوں اور اعتراضات کی بروقت نشاندہی کرکے تاخیر کو بھی ختم کیا جا رہا ہے۔
یہ پیش رفت ملک کے طبی پیشہ ور افراد کے لیے ایک اہم سہولت ہے، کیونکہ رجسٹریشن اور لائسنسنگ کے طویل اور پیچیدہ عمل کی وجہ سے ڈاکٹروں کو اکثر مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ آن لائن نظام کی مضبوطی سے شفافیت میں اضافہ اور دستاویزی عمل کو آسان بنانے میں مدد ملے گی۔
واضح رہے کہ پی ایم اینڈ ڈی سی ملک میں طبی تعلیم اور پریکٹس کے ضابطے کو یقینی بنانے کا ذمہ دار ادارہ ہے، اور رجسٹریشن خدمات کی بہتری سے ہزاروں ڈاکٹروں اور فیکلٹی ممبران کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔







