لاہور کے علاقے گلبرگ میں بیکری کارخانے میں سلنڈر دھماکا، ایک شخص جاں بحق، متعدد زخمی
گلبرگ میں بیکری کے کارخانے کی پہلی منزل پر گیس سلنڈر پھٹنے سے ایک شخص جان بحق اور کئی افراد زخمی ہوگئے، ریسکیو ٹیمیں ملبے تلے مزید افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔

لاہور کے علاقے گلبرگ میں واقع ایک بیکری کارخانے میں گیس سلنڈر کے دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جان بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکا کارخانے کی پہلی منزل پر پیش آیا، جہاں اس وقت تقریباً چالیس سے زائد افراد کام کر رہے تھے۔
دھماکے کی شدت سے عمارت کو نقصان پہنچا اور موقع پر موجود افراد میں سے کئی زخمی ہوئے۔ ریسکیو اہلکاروں نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کارروائی شروع کی اور پانچ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی اسپتال منتقل کردیا۔
حکام کے مطابق ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے، جس کے پیش نظر ریسکیو آپریشن مسلسل جاری ہے۔ امدادی ٹیمیں ملبے کو ہٹانے اور ممکنہ طور پر پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے مشینری اور افرادی قوت بروئے کار لا رہی ہیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حتمی صورتحال ریسکیو کارروائی مکمل ہونے کے بعد ہی واضح ہو سکے گی، تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق جانی نقصان مزید بڑھنے کا امکان ہے۔ دھماکے کی وجوہات ابھی تک معلوم نہیں ہو سکیں اور متعلقہ اداروں کی جانب سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
واضح رہے کہ صنعتی اور تجارتی اداروں میں گیس سلنڈروں کی غیر محفوظ تنصیب اور حفاظتی ضوابط کی خلاف ورزیاں ماضی میں بھی ایسے واقعات کا سبب بنتی رہی ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ کارخانوں میں حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانا اور سلنڈروں کی باقاعدہ جانچ ایسے حادثات کو روکنے کے لیے ناگزیر ہے۔
ادھر لاہور میں ماحولیاتی آلودگی کی صورتحال بھی تشویشناک ہے، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس کی شرح 420 ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث شہر دنیا کے آلودہ ترین بڑے شہروں میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے۔ ماہرین نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز اور ماسک کے استعمال کی ہدایت کی ہے۔







