مسٹر پتلو کے پروگرام کی اجازت نامے کی شرائط سامنے، انتظامیہ کی غفلت پر سوالات
فراز گراؤنڈ میں مسٹر پتلو کے پروگرام کی اجازت نامے کی اصل شرائط سامنے آ گئیں، جن کے مطابق منتظمین صرف محفل سماع کے مجاز تھے، تاہم انعامات کے لیے ہزاروں افراد جمع کیے گئے۔ ڈی پی او نے کہا ہے کہ شہر کی حفاظت اور نظم و ضبط کی ذمہ داری منتظمین پر عائد ہوتی تھی۔

فیصل آباد کے فراز گراؤنڈ میں مسٹر پتلو کے پروگرام سے متعلق اجازت نامے کی اصل شرائط سامنے آ گئی ہیں۔ ان شرائط کے مطابق منتظمین کو صرف محفل سماع کے انعقاد کی اجازت دی گئی تھی، لیکن انعامات کی تقسیم کے لیے ہزاروں افراد کو جمع کر لیا گیا، جس سے ایک المیہ پیش آیا۔
ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے اجازت نامے کی شرائط اور حفاظتی انتظامات پر اہم نکات واضح کرتے ہوئے منتظمین کی ذمہ داریوں پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔ ڈی پی او کے مطابق شہر کی حفاظت اور نظم و ضبط برقرار رکھنے کی ذمہ داری پروگرام کے منتظم پر عائد ہوتی تھی۔
اجازت نامے کی شرائط کے تحت منتظمین کو رضاکاروں یا نجی سیکیورٹی کے ذریعے داخلی سیکیورٹی یقینی بنانا ضروری تھا۔ اس کے علاوہ ہنگامی اخراج کے راستے کھلے اور ہر قسم کی رکاوٹ سے پاک رکھنا بھی ان کی ذمہ داری تھی، تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں افراد محفوظ طریقے سے باہر نکل سکیں۔
دوسری جانب پولیس نے انصر جٹ عرف مسٹر پتلو کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے شروع کر دیے ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں اور جلد ہی اسے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل محفل سماع کے پروگرام کے دوران بھگدڑ مچنے کے باعث دو افراد زندگی کی بازی ہار گئے تھے، جس کے بعد منتظمین کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا اور اب تک چھ افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ اس واقعے نے انتظامیہ کی جانب سے حفاظتی انتظامات میں کوتاہی کے سوالات کو جنم دیا ہے۔









