around.pk
Wednesday, 18 November 2026
☀ کراچی 31°☀ لاہور 24°☀ اسلام آباد 21°
دنیا

امریکا کے ممکنہ نئے جوہری بم B94 کا انکشاف، بجٹ دستاویزات میں کروڑوں ڈالر مختص

امریکی سینیٹ کی اپروپری ایشنز کمیٹی کی بجٹ دستاویزات میں ممکنہ نئے جوہری ہتھیار B94 کا نام سامنے آنے کے بعد بحث شروع ہوگئی ہے، تاہم اس کے ڈیزائن اور صلاحیت کے بارے میں کوئی سرکاری تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

around.pk·11m ago

امریکا کے جوہری ہتھیاروں کے پروگرام سے متعلق ایک نئی بحث نے جنم لیا ہے جب امریکی سینیٹ کی اپروپری ایشنز کمیٹی کی بجٹ دستاویزات میں ایک ممکنہ نئے جوہری ہتھیار کا نام B94 سامنے آیا ہے۔ مالی سال 2027 کے لیے محکمہ توانائی کے فنڈنگ بل کے مسودے میں اس منصوبے کے لیے تقریباً ساڑھے سات کروڑ ڈالر کی اضافی رقم مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

دفاعی امور پر نظر رکھنے والی ایک ویب سائٹ کے مطابق B94 کا نام بجٹ مسودے کے ساتھ منسلک وضاحتی دستاویز میں درج ہے، تاہم اس دستاویز میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ اس ہتھیار کا ڈیزائن، ساخت، تباہ کن صلاحیت یا ممکنہ استعمال کیا ہو سکتا ہے۔ بجٹ میں صرف نام اور فنڈنگ کا ذکر اس بات کی حتمی تصدیق نہیں کرتا کہ نیا بم تیار ہو چکا ہے یا اس کی تیاری کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔

دفاعی تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ B94 ممکنہ طور پر ایسا خصوصی جوہری ہتھیار ہو سکتا ہے جسے زمین کے اندر انتہائی گہرائی میں موجود اہداف کو تباہ کرنے کے لیے تیار کیا جا رہا ہو، البتہ اس بارے میں تاحال کوئی سرکاری تصدیق سامنے نہیں آئی۔ اس ممکنہ منصوبے نے امریکا کی زیرِ زمین فوجی تنصیبات اور دیگر حساس اہداف کو نشانہ بنانے کی جوہری صلاحیت سے متعلق سوالات کو دوبارہ جنم دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اگر B94 واقعی ایک نئے جوہری بم کا نام ہے تو یہ تین دہائیوں سے زیادہ عرصے میں امریکا کا اپنی نوعیت کا پہلا نیا جوہری ہتھیار ہو سکتا ہے۔ اس وقت امریکی فوج کے پاس زیرِ زمین گہرائی میں موجود اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے B61-11 نامی جوہری بم موجود ہے، جس کی تباہ کن صلاقیت تقریباً 340 سے 400 کلوٹن بتائی جاتی ہے۔

امریکی ذخیرے میں اس نوعیت کے بموں کی تعداد 100 سے کم بتائی جاتی ہے۔ ماہرین کے مطابق B94 سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنے تک اس کے اصل مقصد، صلاحیت اور موجودہ حیثیت کے بارے میں کوئی حتمی نتیجہ اخذ کرنا ممکن نہیں۔

واضح رہے کہ جوہری ہتھیاروں سے متعلق ایسی بجٹ دستاویزات اکثر طویل المدتی منصوبوں کی نشاندہی کرتی ہیں جن پر کام برسوں تک جاری رہتا ہے۔ اس معاملے پر مزید سرکاری وضاحت کے بعد ہی یہ طے ہو سکے گا کہ B94 کسی نئے ہتھیار کی طرف اشارہ کرتا ہے یا کسی موجودہ پروگرام کے کسی حصے کا نیا نام ہے۔

اب تک کی کہانی بجٹ

  1. ایشیائی ترقیاتی بینک کا پاکستان کے لیے قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے 50 کروڑ ڈالر کی ہنگامی معاونت کی منظوری
  2. پیٹرولیم لیوی سے دو ماہ میں 220 ارب روپے کی وصولی، سالانہ ہدف 1.676 ٹریلین روپے مقرر
  3. سندھ میں نصف سے زائد آبادی غربت کا شکار، اسمبلی کے اخراجات پر 5 ارب روپے مختص
  4. جرمنی میں مہنگائی اور تعلیمی بجٹ کے خلاف ہزاروں نوجوانوں کے مظاہرے، کئی شہروں میں کشیدگی
پوری ٹائم لائن دیکھیں →
امریکاروپیہ اور ڈالرسینیٹبجٹبی 61-11امریکی محکمہ توانائیامریکی سینیٹ کی اپروپری ایشنز کمیٹی

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں