around.pk
Tuesday, 24 November 2026
☀ کراچی 29°⛅ لاہور 23°⛅ اسلام آباد 21°
دنیا

چین کو خدشہ: امریکی اے آئی ٹیکنالوجی جوہری میزائلوں کے لیے خطرہ بن سکتی ہے

رپورٹ کے مطابق چینی محققین کا ماننا ہے کہ امریکا مصنوعی ذہانت کی مدد سے چینی میزائل لانچرز کا سراغ لگا کر جوابی جوہری حملے کی صلاحیت کو کمزور کر سکتا ہے۔

around.pk·2m ago

چین کے فوجی اور سول محققین نے حالیہ تحقیقی جائزوں میں اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ امریکا مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی جدید ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے چینی جوہری میزائلوں اور لانچرز کی نشاندہی، تعاقب اور انہیں نشانہ بنانے کی صلاحیت حاصل کر سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس سے بیجنگ کی جانب سے دشمن کے جوہری حملے کے بعد جوابی کارروائی کی صلاحیت متاثر ہو سکتی ہے۔

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اس کے چیف چائنا کرسپانڈنٹ کرس بکلی نے چینی فوجی و سول محققین کے سو سے زائد حالیہ تحقیقی جائزوں کا جائزہ لیا اور اس معاملے پر ماہرین اور سابق امریکی حکام سے بھی بات چیت کی۔ رپورٹ کے مطابق چین کی بنیادی تشویش یہ ہے کہ امریکا اے آئی کے ذریعے جاسوسی، نگرانی اور مختلف ذرائع سے حاصل ہونے والے ڈیٹا کا تیزی سے تجزیہ کرکے چینی میزائل لانچرز کا سراغ لگا سکتا ہے۔

بیجنگ کی اکیڈمی آف ملٹری سائنس کے دو محققین کے مطابق جوہری فیصلہ سازی کے نظام میں اے آئی اور متعلقہ ٹیکنالوجیز شامل ہونے سے امریکا فیصلہ سازی کا روایتی دورانیہ پندرہ سے تیس منٹ سے کم کر کے نوے سیکنڈ یا اس سے بھی کم کر سکتا ہے۔ چین کی جوہری حکمت عملی کے مطالعہ کرنے والے امریکی محکمہ خارجہ کے سابق تجزیہ کار جیرالڈ سی براؤن کے مطابق چینی محققین سمجھتے ہیں کہ اے آئی دشمن کے حملوں سے جوہری ہتھیاروں کو محفوظ رکھنا مزید مشکل بنا سکتی ہے۔

رپورٹ میں فیڈریشن آف امریکن سائنٹسٹس کے اندازوں کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ چین کے پاس اس وقت تقریباً 620 جوہری وار ہیڈز موجود ہیں جبکہ 2030 تک یہ تعداد ایک ہزار تک پہنچنے کا امکان ہے۔ اس کے مقابلے میں امریکا اور روس دونوں کے پاس تقریباً 1800، 1800 جوہری وار ہیڈز موجود ہیں۔ چین اپنے جوہری اثاثوں کی حفاظت کے لیے بھی اقدامات کر رہا ہے اور اس نے شمالی صحراؤں میں تقریباً 320 زیر زمین میزائل لانچ سائیلوز تعمیر کیے ہیں۔

چینی فوجی محققین اور پیپلز لبریشن آرمی کی راکٹ فورس اپنے میزائل نظام میں بھی اے آئی کے استعمال پر تحقیق کر رہی ہے، جن میں ہائپرسونک اور بیلسٹک میزائلوں کے پرواز کے دوران راستہ تبدیل کرنے جیسے طریقے شامل ہیں تاکہ دشمن کے دفاعی نظاموں کو چکما دیا جا سکے۔ تاہم چینی تحقیقات میں اے آئی کے ممکنہ خطرات سے بھی خبردار کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ ناقص یا مبالغہ آمیز ڈیٹا کی بنیاد پر کیے گئے تجزیے فوجی کمانڈ اینڈ کنٹرول نظام میں سنگین مسائل پیدا کر سکتے ہیں۔

انسٹیٹیوٹ فار سکیورٹی اینڈ ٹیکنالوجی کے فلپ رینر کے مطابق اگرچہ جوہری میزائل داغنے کا حتمی اختیار اے آئی کو دینے کا معاملہ سامنے نہیں آیا، تاہم حملے کا فیصلہ کرنے کے لیے درکار معلومات مرتب کرنے میں اے آئی کا کردار بڑھ رہا ہے۔

[

]

اب تک کی کہانی مصنوعی ذہانت

  1. اسٹیٹ بینک نے دو کریڈٹ بیوروز کو لائسنس جاری کردیے، بینکاری میں مصنوعی ذہانت پر زور
  2. امریکا کا این ویڈیا چپس کی منتقلی کے الزام میں سنگاپور کی اے آئی کمپنی میگا اسپیڈ کو بلیک لسٹ کرنے کا فیصلہ
  3. متحدہ عرب امارات کا سرکاری خدمات کے لیے اے آئی اسسٹنٹ 'میرا' متعارف
  4. مائیکروسافٹ اسرائیل میں کوانٹم دور کے لیے انکرپشن کمزوریوں کی نشاندہی کرنے والی نئی ٹیم تشکیل دے گا
پوری ٹائم لائن دیکھیں →
امریکاچینمصنوعی ذہانتنیویارک ٹائمزاکیڈمی آف ملٹری سائنسفیڈریشن آف امریکن سائنٹسٹسپیپلز لبریشن آرمی

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں