خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں: 8 دہشت گرد ہلاک، متعدد سہولت کار گرفتار
سی ٹی ڈی پشاور اور بنوں میں مشترکہ کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 8 دہشت گرد مارے گئے، جن میں دو مقامی کمانڈرز بھی شامل ہیں، جبکہ متعدد مشتبہ سہولت کاروں کو حراست میں لے لیا گیا۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور سیکیورٹی فورسز کی مشترکہ کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 8 دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں، جن میں کالعدم تنظیم کے دو مقامی کمانڈرز بھی شامل بتائے جاتے ہیں۔ حکام کے مطابق یہ کارروائیاں خفیہ معلومات کی بنیاد پر کی گئیں اور ان کا مقصد قانون نافذ کرنے والے اداروں پر ممکنہ حملوں کی منصوبہ بندی کو ناکام بنانا تھا۔
پشاور ریجن میں سی ٹی ڈی کی ایس واپ ٹیموں نے جانے خوڑ میرہ باچا خیل کے علاقے میں کارروائی کی۔ اطلاعات کے مطابق کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے کمانڈر تاج محمد المعروف شینے کی موجودگی کی تصدیق ہونے پر ٹیمیں جدید اسلحے کے ساتھ موقع پر پہنچیں۔ فریقین کے درمیان تقریباً 20 سے 25 منٹ تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا، جس کے بعد تلاشی کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک پائے گئے جن کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
ادھر مذکورہ کمانڈر تاج محمد اپنے دو یا تین ساتھیوں سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ ہلاک شدگان کے قبضے سے 3 کلاشنکوف، 2 پستول، ایک دستی بم، 6 میگزین اور متعدد کارتوس برآمد ہوئے۔ فرار ہونے والے عناصر کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے، جبکہ انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے جوانوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
بنوں میں پولیس، سی ٹی ڈی اور سیکیورٹی فورسز نے مشترکہ گرینڈ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے مقامی کمانڈر زرگل المعروف انکل گروپ سے تعلق رکھنے والے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جن میں زرگل کا بھتیجا بھی شامل ہے۔ پولیس کے مطابق یہ آپریشن 24 نومبر کو گریڑہ شاہ جہاں، کنگر اور دیگر ملحقہ دیہات میں ’’آپریشن سربلندی‘‘ کے نام سے کیا گیا، جس میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور سہولت کاری میں ملوث عناصر کو نشانہ بنایا گیا۔
کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد کیا گیا، جبکہ متعدد مشتبہ سہولت کاروں کو حراست میں لے لیا گیا۔ یاد رہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیوں میں تیزی دیکھی گئی ہے، جن کا مقصد صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو مستحکم کرنا اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔
اب تک کی کہانی بنوں
- بنوں میں سیکیورٹی فورسز کا گرینڈ آپریشن: تین مبینہ دہشت گرد ہلاک
- خیبرپختونخوا میں 1916 غیر حاضر اساتذہ کے خلاف کارروائی کا فیصلہ
- شہریوں کا مطالبہ: بہتر گورننس کے لیے نئے انتظامی یونٹس ضروری
- خیبرپختونخوا کے 12 اضلاع میں محکمہ صحت کے 1623 اہلکار غیر حاضر، فہرست جاری








