سپارکو کا اعلان: پاکستان 2035 میں چاند پر قدم رکھے گا
چیئرمین سپارکو ڈاکٹر یوسف خان نے کہا ہے کہ پاکستان 2035 تک چاند پر انسانی مشن بھیجے گا، جبکہ پہلے انسانی خلائی مشن کے لیے محمد ذیشان علی اور خرم داؤد کا انتخاب کیا گیا ہے۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
اسلام آباد میں سپارکو ہیڈکوارٹرز پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سپارکو ڈاکٹر یوسف خان نے کہا کہ یہ پاکستان کے لیے ایک تاریخی دن ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستان 2035 میں چاند پر انسانی مشن بھیجے گا اور خلائی تحقیق کا یہ سلسلہ آگے بھی جاری رہے گا۔ ان کے مطابق گزشتہ چھ ماہ کے دوران کئی سیٹلائٹس خلا میں بھیجی گئیں، تاہم موجودہ کامیابی کی اہمیت اس سے مختلف اور زیادہ ہے۔
ڈاکٹر یوسف خان نے بتایا کہ خلائی تجربات کے انتخاب کے لیے ملک بھر کی جامعات اور تعلیمی اداروں سے رابطہ کیا گیا، جس کے جواب میں تقریباً 300 تجاویز موصول ہوئیں۔ ان میں سے چار تجربات کو منتخب کیا گیا، جبکہ باقی تمام تجاویز بھی محفوظ رکھی گئی ہیں تاکہ آئندہ مشنوں میں ان سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔
چیئرمین سپارکو کے مطابق خلاباز کے انتخاب کا مرحلہ آسان نہیں تھا۔ امیدواروں کے چناؤ میں طبی فٹنس اور نفسیاتی دباؤ برداشت کرنے کی صلاحیت کو بنیادی اہمیت دی گئی۔ ابتدائی طور پر 50 امیدواروں میں سے 19 کو چین بھیجا گیا، جہاں سے محمد ذیشان علی اور خرم داؤد کا انتخاب عمل میں آیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کا خلائی سفر یہیں ختم نہیں ہوگا بلکہ مستقبل میں بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ اس موقع پر پاک چین مشترکہ خلائی مشن سے متعلق پیش رفت کا بھی ذکر کیا گیا، جسے دونوں ممالک کے درمیان خلائی تعاون کی اہم کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔
قبل ازیں پاکستان کے پہلے انسانی خلائی مشن کی مناسبت سے سپارکو نے علامتی بورڈنگ پاس بھی جاری کیے۔ منتخب خلاباز محمد ذیشان علی نے کہا کہ وہ 25 کروڑ پاکستانیوں کی امیدیں ساتھ لے کر خلا میں جا رہے ہیں، جبکہ خلائی مشن سے وابستہ تقریبات میں ملکی سطح پر خلائی سائنس اور ٹیکنالوجی میں دلچسپی بڑھانے پر زور دیا گیا۔
ماہرین کے مطابق انسانی خلائی مشن اور چاند سے متعلق منصوبے پاکستان کی سائنسی ترقی، تعلیمی شعبے اور ٹیکنالوجی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ سپارکو کی جانب سے دی گئی تفصیلات کے مطابق آئندہ برسوں میں خلائی تحقیق کے مزید منصوبوں پر کام کیا جائے گا۔
اب تک کی کہانی خرم داؤد
- پاکستان کا پہلا انسانی خلائی مشن روانگی کے قریب، دو خلابازوں نے چین میں تربیت مکمل کر لی
- پاکستان کے پہلے خلا باز چین کے شینزو 24 مشن سے خلا میں جائیں گے








