بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں: 17 دہشتگرد ہلاک، ایک سپاہی شہید
آئی ایس پی آر کے مطابق کچھی اور خاران میں انٹیلیجنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران 17 دہشتگرد مارے گئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 25 سالہ سپاہی حکمت اللہ شہید ہوئے۔

بلوچستان کے اضلاع کچھی اور خاران میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے 17 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ کارروائیاں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئیں، جن کا تعلق بھارتی پراکسی تنظیموں سے بتایا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع کچھی کے علاقے سنی میں انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کی گئی، جس کے دوران دہشتگردوں نے شہر کی سڑک بلاک کرنے کی کوشش کی تاہم سیکیورٹی فورسز نے اسے ناکام بنا دیا۔ اس موقع پر 17 دہشتگردوں کو نشانہ بنایا گیا اور ان کے قبضے سے اسلحہ اور بارود بھی برآمد کیا گیا۔
اسی طرح ضلع خاران میں بھی انٹیلیجنس بیسڈ ایک اور کارروائی کی گئی، جہاں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو اڑا دیا گیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 7 دہشتگرد مارے گئے، جن کے قبضے سے بھی اسلحہ اور گاڑیاں برآمد ہوئیں۔ کارروائیوں کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن بھی کیا تاکہ دہشتگردوں کی موجودگی کے شبہات دور کیے جا سکیں۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے دوران پاک فوج کے 25 سالہ سپاہی حکمت اللہ نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت پائی۔ وہ خیبرپختونخوا کے ضلع کرک سے تعلق رکھتے تھے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کچھی میں سڑک بلاک کرنے کی کوشش ناکام بنانے پر فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت قابل تعریف ہے۔
صدر مملکت نے خاران میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر بھی سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور سپاہی حکمت اللہ کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔






