پاکستان کا مقامی طور پر تیار کردہ جدید 'فاز میزائل' کا کامیاب تجربہ
پاکستان نے ہوا سے فضا میں مار کرنے والے مقامی طور پر تیار کردہ پہلے 'فاز میزائل' کا کامیاب تجربہ کر لیا ہے، جو جدید ٹرمینل گائیڈنس سسٹم سے لیس ہے اور طویل فاصلے سے دشمن کے فضائی اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

پاکستان نے دفاعی میدان میں ایک اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے مقامی سطح پر تیار کردہ ہوا سے فضا میں مار کرنے والے پہلے 'فاز میزائل' کا کامیاب تجربہ کر لیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ میزائل مکمل طور پر ملکی وسائل سے تیار کیا گیا ہے اور اس نے تجربے کے دوران اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 'فاز' میزائل جدید ترین ٹرمینل گائیڈنس سسٹم سے لیس ہے، جس کی بدولت یہ دشمن کے فضائی اہداف کو طویل فاصلے سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس تجربے کو قومی ایرو اسپیس اور دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ادارے کے مطابق یہ میزائل پاکستان فضائیہ کی آپریشنل لچک میں نمایاں اضافہ کرے گا اور مجموعی دفاعی نظام کو مزید مستحکم اور مؤثر بنائے گا۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ یہ کامیابی ملکی دفاعی صنعت کی تکنیکی پختگی، جدت اور خود انحصاری کا واضح ثبوت ہے۔
تجربے کے موقع پر مسلح افواج کے اعلیٰ افسران کے علاوہ ممتاز سائنسدان اور انجینئرز بھی موجود تھے۔ کامیاب تجربے پر صدر مملکت، وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور سروسز چیفس نے سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد پیش کی اور اسے دفاعی خود انحصاری کی جانب اہم قدم قرار دیا۔
واضح رہے کہ 'فاز' میزائل کا شمار پاکستان کے مقامی دفاعی پروگراموں میں ہوتا ہے، جن کا مقصد ملکی فضائی حدود کے تحفظ کے لیے خود کفالت حاصل کرنا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس طرح کی مقامی تیاری سے نہ صرف دفاعی صلاحیت مضبوط ہوتی ہے بلکہ درآمدی انحصار میں بھی کمی آتی ہے۔
دفاعی تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ ہوا سے فضا میں مار کرنے والے جدید میزائل فضائی حدود کی حفاظت میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، اور اس طرح کی کامیاب آزمائش خطے میں دفاعی توازن کے حوالے سے پاکستان کی تکنیکی قابلیت کو اجاگر کرتی ہے۔










