around.pk
Tuesday, 3 November 2026
☀ کراچی 27°⛅ لاہور 23°⛅ اسلام آباد 18°
پاکستان

جامعہ کراچی: لا کالجز کے نتائج کی تحقیقات کے لیے تین رکنی کمیٹی تشکیل

جامعہ کراچی سے الحاق شدہ لا کالجز کے سیکنڈ ایئر نتائج اور مارکس شیٹس سے متعلق شکایات کی شفاف تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ، سندھ ہائی کورٹ اور ایچ ای سی کے نمائندوں پر مشتمل تین رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے، جس کا پہلا اجلاس 4 نومبر کو ہوگا۔

around.pk·1h ago

جامعہ کراچی سے الحاق شدہ لا کالجز کے سیکنڈ ایئر امتحانی نتائج اور مارکس شیٹس سے متعلق موصول ہونے والی شکایات کی غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کے لیے ایک تین رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ اس کمیٹی میں سپریم کورٹ، سندھ ہائی کورٹ اور وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن کے نمائندے شامل کیے گئے ہیں، تاکہ معاملے کی آزادانہ جانچ یقینی بنائی جا سکے۔

کمیٹی تمام متعلقہ فریقین سے تفصیلی گفتگو کرے گی، معاملے کا باریک بینی سے جائزہ لے گی اور دستیاب شواہد و ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے بعد اپنی حقائق پر مبنی رپورٹ جامعہ کراچی کی انتظامیہ کو پیش کرے گی۔ اس سلسلے میں متاثرہ طلبہ، کاپیوں کی جانچ کرنے والے اساتذہ اور اسکروٹنی کی درخواستوں کے بعد جوابی کاپیوں کا جائزہ لینے والے متعلقہ افراد سے بھی ملاقاتیں کی جائیں گی۔

کمیٹی کے اراکین شعبہ امتحانات کا دورہ کریں گے اور ناظم امتحانات سمیت دیگر متعلقہ افسران سے بھی اس معاملے پر تبادلہ خیال کریں گے۔ یاد رہے کہ کمیٹی میں جسٹس (ر) ضیا پرویز، جسٹس (ر) ندیم اختر اور وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ڈاکٹر نذیر حسین شامل ہیں، جنہیں حقائق معلوم کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ کمیٹی کا پہلا اجلاس بدھ 4 نومبر کو دوپہر 12 بجے وائس چانسلر سیکریٹریٹ میں منعقد ہوگا۔

بعض طلبہ نے اعلان کردہ نتائج میں مبینہ تضادات اور غلطیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ وہ امتحانات میں کامیاب ہوئے تھے، تاہم جاری کردہ مارکس شیٹس میں انہیں ناکام قرار دیا گیا۔ متاثرہ طلبہ نے اس حوالے سے باقاعدہ اسکروٹنی کی درخواستیں جمع کراتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ وہ بی اے اور ایل ایل بی امتحانات میں کامیاب قرار دیے جانے کے حق دار ہیں۔

واضح رہے کہ مروجہ قواعد و ضوابط کے مطابق اسکروٹنی کے عمل میں صرف حاصل کردہ نمبروں کی دوبارہ گنتی یا ٹوٹلنگ کی جانچ کی جا سکتی ہے، جبکہ جوابی کاپیوں کی ازسرِ نو جانچ اسکروٹنی کے دائرہ کار میں شامل نہیں ہے۔ معاملے کے قانونی اور انتظامی پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے جامعہ کراچی نے آزادانہ اور شفاف تحقیقات یقینی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس کے علاوہ یہ بھی طے کیا گیا ہے کہ جامعہ کراچی سے الحاق شدہ لا کالجز کے لیے ایک جامع تعلیمی کیلنڈر مرتب کیا جائے گا، جس میں سال بھر کی تدریسی، تعلیمی اور امتحانی سرگرمیاں شامل ہوں گی۔ مذکورہ کیلنڈر منظوری کے لیے رواں ماہ ہونے والے جامعہ کی اکیڈمک کونسل کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ جامعہ کراچی نے اپنے تمام تعلیمی و انتظامی امور میں شفافیت، انصاف اور جواب دہی کے اصولوں پر کاربند رہنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا ہے۔

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں