around.pk
Tuesday, 3 November 2026
☀ کراچی 27°⛅ لاہور 22°⛅ اسلام آباد 18°
پاکستان

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان میڈیا، ثقافت اور فنون کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط ہوگا

وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور سعودی سفیر راجع بن طامی البقمی کی ملاقات میں ڈراموں، ادب، موسیقی اور میڈیا کے شعبوں میں مشترکہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

around.pk·1h ago

اسلام آباد میں وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ سے پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر راجع بن طامی البقمی نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان اطلاعات، نشریات، میڈیا اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات کے آغاز میں وزیر اطلاعات نے سعودی سفیر کو پاکستان میں تعیناتی پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کا خیرمقدم کیا۔

ملاقات میں پاکستانی ڈراموں کو سعودی عرب میں متعارف کرانے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پاکستانی ڈرامے خاندانی اقدار، مشرقی روایات اور اسلامی ثقافت کی عکاسی کرتے ہیں، اس لیے انہیں سعودی ناظرین تک پہنچانا دونوں ممالک کے مشترکہ ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے کا مؤثر ذریعہ بن سکتا ہے۔ فریقین نے ادیبوں، شاعروں، فنکاروں، موسیقاروں، میڈیا نمائندگان اور ڈیجیٹل مواد تخلیق کرنے والوں کے وفود کے تبادلے کی تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کئی نسلوں پر محیط ہیں اور یہ رشتہ محض سفارتی یا سیاسی نہیں بلکہ تاریخی، مذہبی اور عوامی سطح پر مضبوط بنیادوں پر قائم ہے۔ انہوں نے مکہ دفاعی معاہدے کو دفاعی تعاون کے حوالے سے مضبوط شراکت داری قرار دیا اور کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان میڈیا، ثقافت، ڈرامہ، موسیقی، سیاحت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

وزیر اطلاعات نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں سعودی عرب کی معاشی اور ثقافتی ترقی کو سراہتے ہوئے کہا کہ العلا میں سیاحت کے فروغ اور الدرعیہ کی تاریخی و ثقافتی اہمیت کو جدید انداز میں اجاگر کرنا اس وژن کی نمایاں مثالیں ہیں۔ انہوں نے سعودی میڈیا نمائندگان، سیاحوں اور ڈیجیٹل انفلوئنسرز کو پاکستان کے مختلف تاریخی اور سیاحتی مقامات کے دورے کی دعوت بھی دی۔

ملاقات میں غلط معلومات اور منفی پروپیگنڈے کی روک تھام، فیکٹ چیکنگ کے نظام کو مؤثر بنانے اور مشترکہ ثقافتی اقدار کی عکاسی کرنے والے مواد کی تیاری میں تعاون پر زور دیا گیا۔ وزیر اطلاعات نے اس مقصد کے لیے ایک مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کی تجویز دی، جس میں دونوں ممالک کے فوکل پرسنز اور تکنیکی ٹیمیں شامل ہوں گی۔ انہوں نے سوشل میڈیا انفلوئنسرز کے ذریعے عوامی آگاہی اور اہم حکومتی اقدامات کی تشہیر کے حوالے سے کیے گئے اقدامات سے بھی سعودی سفیر کو آگاہ کیا اور بتایا کہ وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم سے متعلق سوشل میڈیا پوسٹ کو 80 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا گیا۔

سعودی سفیر نے پاکستان اور سعودی عرب کے مضبوط برادرانہ تعلقات، باہمی اعتماد، احترام اور سیاسی و عسکری تعاون کو قابل فخر قرار دیا اور ثقافتی تقریبات، فنون، ادب اور میڈیا کے شعبوں میں تعاون مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ ملاقات کے دوران وزیر اطلاعات نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی شہری فرمان علی خان کا بھی ذکر کیا، جنہوں نے 2009ء میں جدہ میں سیلاب کے دوران متعدد افراد کی جانیں بچاتے ہوئے اپنی جان قربان کر دی تھی۔

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں