around.pk
Monday, 2 November 2026
☀ کراچی 26°☀ لاہور 23°☀ اسلام آباد 21°
دنیا

فلوریڈا میں نجی مسافر طیارہ گر کر تباہ، تمام 9 افراد ہلاک

امریکی ریاست فلوریڈا کے علاقے پام بیچ کاؤنٹی میں نجی مسافر طیارہ رہائشی علاقے کے قریب گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 9 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

around.pk·1h ago

امریکی ریاست فلوریڈا میں ایک نجی مسافر طیارہ رہائشی علاقے کے قریب گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام نو افراد ہلاک ہوگئے۔ امریکی حکام کے مطابق یہ حادثہ اتوار کی دوپہر پام بیچ کاؤنٹی میں پیش آیا، جہاں طیارہ تیزی سے نیچے آکر زمین سے ٹکرایا اور شدید دھماکے کے ساتھ آگ کے شعلوں میں گھر گیا۔

حکام کے مطابق طیارے نے ٹیکساس کے آسٹن میں واقع برگسٹروم انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پرواز بھری تھی اور اس کی منزل بہاماس تھی۔ حادثہ ملٹری ٹریل اور 10ویں ایونیو نارتھ کے قریب ایک مصروف شاہراہ کے نزدیک پیش آیا، تاہم آگ کے شعلے قریبی گھروں تک پہنچنے سے بال بال بچ گئے۔

امریکی وزیر ٹرانسپورٹیشن شان ڈفی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے اسے انتہائی افسوسناک سانحہ قرار دیا اور بتایا کہ طیارے میں موجود تمام نو افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ کی تحقیقات میں معاونت کے لیے اپنی ٹیم روانہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

حادثے کے بعد پام بیچ کاؤنٹی شیرف آفس نے علاقے کی دونوں اطراف کی سڑکیں بند کرکے شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی، جبکہ فائر بریگیڈ اور دیگر امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر کارروائیاں شروع کردیں۔ مقامی خاتون کے مطابق حادثے کے بعد علاقے میں بجلی کی فراہمی بھی تقریباً دو گھنٹے تک معطل رہی۔

ابھی تک حادثے کی حتمی وجوہات اور ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی، تاہم تفتیشی ادارے واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں۔ واضح رہے کہ اس واقعے کی خبر ایسے وقت سامنے آئی ہے جب امریکہ میں وسط مدتی انتخابات کے سلسلے میں ووٹنگ کا عمل جاری ہے، جس پر ملکی میڈیا کی توجہ بھی مرکوز ہے۔

یاد رہے کہ حالیہ برسوں میں امریکہ میں چھوٹے اور نجی طیاروں کے حادثات میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جن میں اکثر پرواز کے دوران تکنیکی خرابی یا موسمی حالات کو وجہ قرار دیا جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق حادثات کی اصل وجوہات کا تعین انٹرنیشنل ایوی ایشن کے سخت حفاظتی معیارات اور تفصیلی تحقیقات کے بعد ہی ممکن ہوتا ہے۔

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں