around.pk
Wednesday, 11 November 2026
☀ کراچی 31°☀ لاہور 28°⛅ اسلام آباد 25°
کاروبار

اسٹیٹ بینک کا امکان: رواں مالی سال ترسیلاتِ زر 45 ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہیں

ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک سلیم اللہ نے کراچی میں ریٹیل بینکنگ اینڈ اسمال بزنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رواں مالی سال کے اختتام پر 45 ارب ڈالر کی ترسیلاتِ زر آنے کا تخمینہ ہے، جبکہ 29 لاکھ ایس ایم ایز کو قرضوں کی فراہمی اور زراعت کی نمو پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

around.pk·16m ago

کراچی میں گرین پیک انٹرنیشنل اور پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام منعقدہ ریٹیل بینکنگ اینڈ اسمال بزنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک سلیم اللہ نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے اختتام پر ملک میں 45 ارب ڈالر کی ترسیلاتِ زر آنے کا تخمینہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے بہتر سرمایہ کاری مصنوعات کی عدم دستیابی کی وجہ سے ترسیلات اکثر رئیل اسٹیٹ اور دیگر شعبوں میں لگا دی جاتی ہیں، اور بینکوں کو اس پہلو پر بھی توجہ دینی چاہیے۔

ڈپٹی گورنر نے بتایا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں پاکستان کے بینکاری شعبے میں نمایاں نمو ہوئی ہے، تاہم اب بھی متعدد امور پر توجہ کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حقیقی جی ڈی پی نمو میں کردار ادا کرنا ضروری ہے، کیونکہ زراعت جیسے اہم شعبے میں اب تک 2.5 فیصد سے زیادہ نمو حاصل نہیں ہو سکی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار سالوں میں میکرو اکنامک استحکام حاصل کیا گیا، مگر اس استحکام کی قیمت کم جی ڈی پی نمو اور بلند بے روزگاری کی صورت میں ادا کرنی پڑی، کیونکہ اس عرصے میں اوسط جی ڈی پی نمو صرف 2.1 فیصد رہی۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس استحکام نے معاشی نمو کے لیے ایک بنیاد فراہم کر دی ہے، اور اب ایسی حکمتِ عملی وضع کرنے کی ضرورت ہے جو اس عمل کو آگے بڑھا سکے۔

سلیم اللہ نے کہا کہ رواں مالی سال کے باقی ماندہ آٹھ ماہ میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں یعنی ایس ایم ایز کو مزید فروغ دینے پر توجہ دی جائے گی۔ ملک میں موجود تقریباً 29 لاکھ ایس ایم ایز کو قرضے دستیاب نہیں ہو پا رہے، اور مقصود یہ ہے کہ زراعت اور چھوٹے کاروباروں پر توجہ مرکوز کی جائے تاکہ نئی بینکاری مصنوعات خود بخود سامنے آ سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی کاروبار اسی وقت ترقی کر سکتا ہے جب اس کا گاہک ترقی کرے۔

انہوں نے زور دیا کہ بینک منافع ضرور کمائیں، لیکن یہ منافع صرف گاہکوں کے بل بوتے پر حاصل نہیں کیا جانا چاہیے۔ بینکوں کو کرنٹ اکاؤنٹ سے آگے بڑھ کر ایسی مصنوعات متعارف کرانی چاہئیں جو گاہکوں کو حقیقی ویلیو فراہم کریں۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو پاکستان اسٹاک ایکسچینج فرخ سبزواری نے کہا کہ نوجوانوں کو اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری سے روکا جا رہا ہے، اور والدین سے گزارش کی کہ وہ نوجوان نسل کو سرمایہ کاری کی اجازت دیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں اوسطاً ماہانہ 25 ہزار اکاؤنٹس کھولے جا رہے ہیں، جو گزشتہ سال کے اوسط پانچ ہزار ماہانہ اکاؤنٹس سے کافی زیادہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سہولت اکاؤنٹ صرف سات منٹ میں کھل جاتا ہے اور اس میں دستاویزی پیچیدگیاں نہیں ہوتیں، جبکہ اس حوالے سے ایس ای سی پی اور اسٹیٹ بینک کے ساتھ مل کر کام جاری ہے۔

بینک الفلاح کے صدر و سی ای او عاطف باجوہ نے کہا کہ دس سال قبل بینکاری کا شعبہ کافی پیچھے تھا، لیکن آج کے اعداد و شمار ترقی کی نشاندہی کر رہے ہیں اور جی ڈی پی نمو میں بھی نمایاں بہتری دیکھی گئی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بینکاری کے شعبے میں لالچ کا رجحان بڑھ گیا ہے، اور متعدد مصنوعات متعارف کروانے کے باوجود مقصود گاہک کی بہتری سے زیادہ اپنے اہداف اور منافع کو ترجیح دی جاتی ہے۔

اب تک کی کہانی ترسیلات زر

  1. اکتوبر میں ترسیلات زر میں 8.5 فیصد اضافہ، سعودی عرب سرفہرست
  2. اوورسیز پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں نمایاں اضافہ، اکتوبر میں 3.9 ارب ڈالر موصول
  3. ترسیلاتِ زر 44 ارب ڈالر سے تجاوز کرنے کی توقع، وزیر خزانہ کا ڈیجیٹل اثاثوں پر بڑا اعلان
پوری ٹائم لائن دیکھیں →
کراچیروپیہ اور ڈالرمعیشتقرض اور قرضےاسٹیٹ بینکترسیلات زرگرین پیک انٹرنیشنلپاکستان بینکس ایسوسی ایشنپاکستان اسٹاک ایکسچینجسلیم اللہ

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں