میامی ایئرپورٹ پر دو طیارے ٹکرا گئے، 166 مسافر سوار تھے
میامی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹیکسی وے پر کوپا ایئرلائنز کے بوئنگ 737 اور یو پی ایس کے کارگو بوئنگ 767 میں ٹکراؤ ہوا، جس میں دو مسافروں کو معمولی چوٹیں آئیں۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
امریکی شہر میامی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ایک مسافر طیارہ اور ایک کارگو طیارہ ٹیکسی وے پر آپس میں ٹکرا گئے۔ یہ واقعہ میامی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹیکسی وے پر پیش آیا، جہاں پاناما کی فضائی کمپنی کوپا ایئرلائنز کا بوئنگ 737 اور امریکی کارگو کمپنی یو پی ایس کا بوئنگ 767 ایک دوسرے سے ٹکرا گئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کوپا ایئرلائنز کا مسافر طیارہ لینڈنگ کے بعد ٹرمینل کی جانب بڑھ رہا تھا، جبکہ یو پی ایس کا کارگو طیارہ کولمبیا کے دارالحکومت بوگوٹا کے لیے روانگی کی تیاری میں ٹیکسی کر رہا تھا۔ حکام کے مطابق مسافر طیارے کے ونگ ٹِپ نے کارگو طیارے کے اگلے حصے کو ٹکر مار دی، جس سے دونوں طیاروں کو نقصان پہنچا۔
کوپا ایئرلائنز نے تصدیق کی کہ حادثے کے وقت اس کی پرواز میں 166 مسافر اور عملے کے 6 ارکان سوار تھے۔ ایئرلائن کے مطابق اس واقعے میں دو مسافروں کو معمولی چوٹیں آئیں، جنہیں ایئرپورٹ پر موجود طبی عملے نے فوری امداد فراہم کی، تاہم انہیں اسپتال منتقل کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
کمپنی نے اپنے بیان میں کہا کہ مسافروں اور عملے کی حفاظت اس کی اولین ترجیح ہے اور وہ حادثے کی تحقیقات کے دوران متعلقہ حکام کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔
امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق ایئر ٹریفک کنٹرولرز نے یو پی ایس طیارے کے عملے کو کوپا ایئرلائنز کی پرواز کو راستہ دینے کی ہدایت کی تھی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق دونوں طیارے ایک دوسرے کے قریب آنے کے بعد ٹیکسی وے کے چوراہے پر ٹکرا گئے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔










