لاہور کو 2027 کے لیے ای سی او ٹورازم کیپیٹل کا اعزاز حاصل
اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) نے لاہور کو 2027 کا ٹورازم کیپیٹل نامزد کر دیا، آذربائیجان کے شہر شوشا میں منعقدہ تقریب میں یہ اعزاز پنجاب حکومت کے حوالے کیا گیا۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
لاہور کو اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) نے 2027 کے لیے ٹورازم کیپیٹل نامزد کر دیا ہے۔ یہ اعلان آذربائیجان کے شہر شوشا میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران کیا گیا، جہاں ای سی او کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر اسد مجید خان نے باضابطہ طور پر یہ اعزاز لاہور کے حوالے کیا۔ تقریب میں ای سی او کے رکن ممالک کے حکام، سیاحتی شعبے کے نمائندوں اور مختلف وفود نے شرکت کی۔
پنجاب حکومت کی نمائندگی کرتے ہوئے سیکرٹری محکمہ سیاحت، آثار قدیمہ و عجائب گھر پنجاب سقراط امان رانا نے یہ اعزاز وصول کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یہ لاہور کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے اور آئندہ سال ای سی او کے رکن ممالک سمیت دیگر ممالک سے سیاحوں اور وفود کی لاہور آمد متوقع ہے۔
ای سی او ٹورازم کیپیٹل 2027 کی حیثیت سے لاہور میں آئندہ سال تنظیم کے سرکاری اجلاسوں اور مختلف سیاحتی و ثقافتی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ ان تقریبات میں بسنت فیسٹیول اور لاہور بینالے بھی شامل ہیں، جبکہ سال بھر دیگر سرگرمیاں بھی جاری رہیں گی۔ ان تقریبات کے دوران لاہور کے تاریخی مقامات، فن تعمیر، روایتی فنون، کھانوں اور پنجاب کی ثقافت کو اجاگر کیا جائے گا۔
اس سلسلے میں ای سی او کے رکن ممالک کے درمیان سیاحتی تعاون اور ثقافتی روابط کے فروغ پر بھی توجہ دی جائے گی۔ پاکستان نے شوشا میں منعقدہ سیاحتی نمائش میں بھی شرکت کی، جہاں خصوصی پویلین کے ذریعے ملک کے تاریخی مقامات، ثقافتی ورثے اور سیاحتی مقامات کو متعارف کروایا گیا۔
سقراط امان رانا نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن اور سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی قیادت میں پنجاب میں تاریخی ورثے کے تحفظ، سیاحتی سہولیات کی بہتری اور پائیدار سیاحت کے فروغ پر کام کیا جا رہا ہے۔ تقریب کے موقع پر انہوں نے سینئر صوبائی وزیر کی جانب سے شرکا کو یادگاری تحائف بھی پیش کیے۔
اب تک کی کہانی ڈاکٹر اسد مجید خان
- اسحاق ڈار اور ای سی او سیکریٹری جنرل کی ملاقات، علاقائی اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق
- ای سی او وزرائے کونسل کا 30واں اجلاس اسلام آباد میں شروع، خطے میں تجارت اور تعاون کے نئے اہداف متوقع








