وزیراعظم کا اہداف میں تاخیر پر عدم برداشت کا اعلان، زراعت میں جدید تحقیق پر زور
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزارتوں اور اداروں کی کارکردگی جانچنے کے لیے پی ایم او ایس کا مؤثر نظام قائم ہو چکا ہے اور مقررہ اہداف و ٹائم لائنز میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
اسلام آباد میں وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وزارت قومی غذائی تحفظ کی کارکردگی کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ادارہ جاتی کارکردگی کی نگرانی اور زرعی شعبے کی ترقی پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پی ایم او ایس کے تحت وفاقی وزارتوں، ڈویژنز اور اداروں کی کارکردگی جانچنے کے لیے ایک انتہائی مؤثر نظام قائم ہو چکا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس نظام کے تحت دیے گئے اہداف اور ٹائم لائنز میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، اور متعلقہ اداروں کے درمیان ہم آہنگی اور رابطے کو مزید بڑھانے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملکی معیشت کی مضبوطی اور زرعی شعبے کی پائیدار ترقی میں جدید تحقیق کو بنیادی حیثیت حاصل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت زراعت میں تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے بھرپور مالی معاونت فراہم کرے گی تاکہ جدید طریقوں سے فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ممکن ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ کاشتکاری کی لاگت میں کمی اور فی ایکڑ پیداوار میں خاطر خواہ اضافے کے لیے جدید زرعی مشینری کا استعمال ناگزیر ہے، اور کاشتکاروں تک اس کی آسان فراہمی کو اولین ترجیح بنایا جائے گا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک میں زرعی اجناس کی اسٹوریج کی صلاحیت بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
اجلاس میں آگاہ کیا گیا کہ ملک بھر سے کسانوں کی رجسٹریشن کے لیے ’میرا کسان‘ ڈیجیٹل ایپلیکیشن کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ زرعی شعبے میں ادارہ جاتی اصلاحات بھی کی جا رہی ہیں۔ اس سلسلے میں نیشنل ایگریکلچر اینڈ فوڈ سیکیورٹی ایڈوائزری کونسل تشکیل دی گئی ہے، جس کے سیکریٹریٹ نے کام شروع کر دیا ہے۔
اجلاس کو پاکستان ایگریکلچر ریسرچ کونسل کی تشکیل نو پر بھی بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ کسانوں کو موسمیاتی تبدیلیوں اور قدرتی آفات کے نقصانات سے بچانے کے لیے فصلوں کی انشورنس کی کوریج ناگزیر ہے، اور زرعی انشورنس کو بہتر بنانے پر کام جاری ہے۔ اجلاس میں وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، احسن اقبال، احد خان چیمہ، جام کمال خان، شزا فاطمہ، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اب تک کی کہانی وزیراعظم آفس
- پٹرول پمپ مالکان کا قیمتوں کے تعین کا ماہانہ نظام اپنانے کا مطالبہ
- تربیلا پانچواں توسیعی منصوبہ: حادثے کے بعد لاگت 200 ارب روپے تک پہنچنے کا خدشہ
- وزیراعظم کا اعلان: علامہ اقبال کی 150ویں سالگرہ قومی و بین الاقوامی تقریبات کے ساتھ منائی جائے گی







