تربیلا پانچواں توسیعی منصوبہ: حادثے کے بعد لاگت 200 ارب روپے تک پہنچنے کا خدشہ
تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے میں پانی داخل ہونے کے واقعے نے تعمیراتی کام متاثر کر دیا ہے، جبکہ منصوبے کی لاگت 82 ارب روپے سے بڑھ کر 200 ارب روپے تک پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے میں پانی داخل ہونے کے واقعے کے بعد تعمیراتی سرگرمیاں متاثر ہو گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیر آبی وسائل اور وزیراعظم آفس نے اس واقعے کا نوٹس لے لیا ہے اور معاملے کی تحقیقات پر زور دیا جا رہا ہے۔ واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) کا کہنا ہے کہ حادثے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے مکمل اور شفاف تحقیقات کرائی جائیں گی۔
دستاویزات کے مطابق منصوبے کی ابتدائی منظور شدہ لاگت 82 ارب 36 کروڑ روپے تھی، تاہم جنوری 2026 تک اس پر 153 ارب 95 کروڑ روپے خرچ ہو چکے ہیں، یعنی ابتدائی تخمینے سے 71 ارب 59 کروڑ روپے زائد۔ منصوبے کا تعمیراتی کام اگست 2021 میں شروع ہوا تھا اور جنوری کی رپورٹ میں تکمیل کی تاریخ مئی 2027 مقرر کی گئی تھی۔ منصوبے کے تحت 1530 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے والے تین یونٹ نصب کیے جانے ہیں۔
تکمیل میں تاخیر کے باعث سابقہ مشاورتی کمپنی کا معاہدہ جون 2024 میں ختم کر دیا گیا تھا اور باقی ماندہ کام کی نگرانی کے لیے نئی مشاورتی کمپنیوں کی خدمات حاصل کی گئیں۔ واپڈا کے مطابق رابطہ سرنگ کی کھدائی کے دوران چٹان کا کمزور حصہ گرنے سے پانی داخل ہوا، تاہم اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور اہم تنصیبات محفوظ ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ منصوبے کی تعمیراتی پیش رفت، بڑھتی ہوئی لاگت اور حالیہ واقعے کے پیش نظر حفاظتی انتظامات کا مکمل جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ تکنیکی وجوہات کی آزادانہ تحقیقات کے ساتھ ساتھ تعمیراتی معیار اور ممکنہ مالی اثرات کا تفصیلی جائزہ بھی ضروری ہے۔
واقعے کے بعد منصوبے کے پی سی ون میں تبدیلی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے اور خدشہ ہے کہ ٹی 5 منصوبے کی مجموعی لاگت 200 ارب روپے سے تجاوز کر سکتی ہے۔ اس حوالے سے آج مکمل تشخیص کے بعد باقاعدہ انکوائری کمیٹی تشکیل دیے جانے کا امکان ہے، جبکہ یہ بھی زیر غور ہے کہ تعمیرات میں غیر معیاری کام ہوا یا واقعہ قدرتی نوعیت کا تھا۔
اب تک کی کہانی واپڈا
- تربیلا پن بجلی منصوبے میں چٹان گرنے کا واقعہ، پانی پاور ہاؤس میں داخل، کوئی جانی نقصان نہیں
- دیامر بھاشا ڈیم کے مین ڈیم کی تعمیر میں اہم پیش رفت











