around.pk
Tuesday, 10 November 2026
☁ کراچی 22°☀ لاہور 21°☀ اسلام آباد 18°
کاروبار

پاکستان کا عالمی بینک سے 1.7 ارب ڈالر قرض لینے کا منصوبہ برقرار، وفاق اور چاروں صوبے مستفید ہوں گے

عالمی بینک کے پبلک ریسورٹس فار انکلوسیو ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت پاکستان کو تقریباً 1.7 ارب ڈالر فراہم کیے جائیں گے، جن میں سے 700 ملین ڈالر پہلے مرحلے میں منظور کیے جا چکے ہیں۔

around.pk·45m ago

پاکستان نے عالمی بینک کے کثیرالمراحل قرض پروگرام سے مکمل استفادے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا مقصد ٹیکسوں کے دائرے کو وسعت دینا، سرکاری اخراجات میں کمی لانا اور مالیاتی معاملات کو آئینی اختیارات کی تقسیم سے ہم آہنگ کرنا ہے۔ عالمی بینک کی دستاویزات کے مطابق اس پروگرام کا نام پبلک ریسورٹس فار انکلوسیو ڈیولپمنٹ رکھا گیا ہے اور اس سے وفاقی حکومت کے ساتھ ساتھ چاروں صوبائی حکومتیں بھی مستفید ہوں گی۔

ملٹی فیز پروگرام میٹک اپروچ کے تحت مجموعی طور پر تقریباً 1.7 ارب ڈالر فراہم کیے جائیں گے، جن میں سے 700 ملین ڈالر کی منظوری گزشتہ سال دی جا چکی ہے۔ پہلے مرحلے کے اس 700 ملین ڈالر میں وفاقی حکومت کے لیے 600 ملین ڈالر اور سندھ حکومت کے لیے 100 ملین ڈالر شامل ہیں۔ وفاقی حکومت نے دسمبر 2025 میں 600 ملین ڈالر کا قرض حاصل کیا تھا۔

عالمی بینک نے اپنی مسلسل رپورٹس میں اس قرض کے نفاذ سے متعلق پیش رفت کو درمیانے درجے کا تسلی بخش قرار دیا ہے۔ اپریل 2026 کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ قرض کی منظوری 19 دسمبر 2025 کو دی گئی، تاہم اس وقت تک اس کا نفاذ شروع نہیں ہوا تھا۔ بعد ازاں گزشتہ ماہ جاری ہونے والی دوسری رپورٹ میں بھی یہی درجہ بندی برقرار رکھی گئی، تاہم اس میں پیش رفت میں بہتری کا ذکر کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق قرض 14 مئی 2026 کو مؤثر ہوا اور 29 جون 2026 کو 164.5 ملین ڈالر کی پیشگی رقم جاری کی گئی۔ پروگرام کے تحت اگلے مرحلے میں خیبرپختونخوا حکومت کے لیے 200 ملین ڈالر کا قرض منظور کیا جا رہا ہے، جبکہ تیسرے اور چوتھے مرحلے میں بلوچستان اور پنجاب حکومتوں کو بھی قرض فراہم کیا جائے گا۔

عالمی بینک کے مطابق قرض پیکیج کے تین بنیادی مقاصد میں ٹیکس محصولات میں اضافہ، سرکاری اخراجات کی ترجیحات اور کارکردگی کو بہتر بنانا، اور مالیاتی و عوامی خدمات سے متعلق اعداد و شمار کے نظام کو مضبوط بنانا شامل ہیں۔ قرض کی اہم شرائط میں زرعی آمدن پر مؤثر ٹیکس عائد کرنا، جائیدادوں کی ٹیکس وصولی کو بہتر بنانا، زمینوں کے ریکارڈ کو ڈیجیٹلائز کرنا اور جائیدادوں کی یکساں بنیادوں پر قیمتوں کا تعین شامل ہے۔

واضح رہے کہ یہ قرض پیکیج پاکستان کی مالیاتی اصلاحات اور مالیاتی نظم و نسق کو مستحکم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے، جس کا اثر وفاقی اور صوبائی دونوں سطحوں پر پڑے گا۔ ماہرین کے مطابق ٹیکس نظام کی اصلاح اور زمینی ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن سے نہ صرف آمدنی میں اضافہ متوقع ہے بلکہ سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول بھی پیدا ہو سکتا ہے۔

اب تک کی کہانی عالمی بینک

  1. پاکستان کا بیرونی قرضہ ایک دہائی میں تقریباً دگنا، 135 ارب ڈالر تک پہنچ گیا
  2. عالمی بینک کا سندھ میں مقامی حکومتوں کی مالی استعداد بڑھانے کے لیے 15 کروڑ ڈالر قرض منظور
پوری ٹائم لائن دیکھیں →

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں