ایئربس کے طیارے نے 24 گھنٹے سے زائد پرواز کر کے 23 ہزار کلومیٹر کا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا
ایئربس اے 350-1000 یو ایل آر نے آسٹریلیا سے فرانس تک بغیر رکے 23 ہزار 155 کلومیٹر کا سفر طے کر کے طویل ترین فضائی پرواز کا گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
فضائی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل قائم ہو گیا ہے، جب یورپی طیارہ ساز کمپنی ایئربس کے جدید ماڈل اے 350-1000 یو ایل آر نے مسلسل 24 گھنٹے اور 24 منٹ کی پرواز مکمل کر کے دنیا کی طویل ترین فضائی پرواز کا گنیز ورلڈ ریکارڈ حاصل کر لیا۔ اس طیارے نے آسٹریلیا سے فرانس تک 23 ہزار 155 کلومیٹر کا فاصلہ درمیان میں کہیں رکے بغیر طے کیا۔
ایئربس کے مطابق یہ تاریخی پرواز 27 جولائی 2026 کو آسٹریلیا کے شہر میلبورن سے شروع ہوئی اور 28 جولائی کو فرانس کے شہر ٹولوز میں مکمل ہوئی۔ سفر کے دوران طیارے نے بحرالکاہل اور بحر اوقیانوس عبور کیا، شمالی امریکا کے اوپر سے گزرا اور پھر یورپ پہنچا۔ اس ریکارڈ کی تصدیق انٹرنیشنل ایئروناٹیکل فیڈریشن نے طیارے کے ڈیٹا اور فلائٹ ریڈار 24 کی مدد سے کی۔
اس پرواز کی ایک خاص بات یہ رہی کہ طیارے میں سوار عملے نے تین براعظموں اور دو سمندروں کے اوپر سے گزرتے ہوئے دو مرتبہ سورج کو غروب اور دو مرتبہ طلوع ہوتے دیکھا۔ طیارے میں مجموعی طور پر 13 افراد سوار تھے، جن میں ایئربس اور آسٹریلوی فضائی کمپنی کنٹاس کے پائلٹس، انجینئرز اور عالمی فضائی تنظیم کا ایک نمائندہ شامل تھا۔
یہ پرواز پراجیکٹ سن رائز کے تحت طیارے کی آزمائشی مہم کا حصہ تھی۔ ایئربس نے یہ طیارہ کنٹاس کے لیے تیار کیا ہے، جس کا مقصد ایسے طویل فضائی روٹس ممکن بنانا ہے جن پر مسافروں کو درمیان میں کسی دوسرے ملک یا شہر میں اترنے کی ضرورت نہ پڑے۔ ایئربس کے کمرشل ایئرکرافٹ ڈویژن کے سربراہ لارس ویگنر کے مطابق اس کامیابی نے طیارے کی غیر معمولی صلاحیت ثابت کر دی ہے، اور کنٹاس کے ساتھ شراکت داری اور کمپنی کی ٹیموں کی مشترکہ کوششوں سے دنیا کی طویل ترین کمرشل پرواز کا خواب حقیقت میں بدل گیا۔
اے 350-1000 یو ایل آر کی نمایاں خصوصیت اس میں اضافی ایندھن ذخیرہ کرنے کے لیے نصب ریئر سینٹر ٹینک ہے، جس سے طیارے کی پرواز کی صلاحیت میں مزید ایک ہزار ناٹیکل میل کا اضافہ ہوا ہے۔ یہی ٹیکنالوجی اسے سڈنی سے لندن اور نیویارک تک تقریباً 10 ہزار ناٹیکل میل کے براہ راست سفر کے قابل بنائے گی، جن کا دورانیہ 22 گھنٹے تک ہو سکتا ہے۔
کنٹاس نے پراجیکٹ سن رائز کے تحت ایسے 12 طیاروں کا آرڈر دے رکھا ہے۔ پہلے طیارے کی ڈیلیوری اپریل 2027 میں متوقع ہے، جبکہ اسی سال کے آخر میں سڈنی سے لندن کے روٹ پر اس کی باقاعدہ کمرشل پروازیں شروع کرنے کا منصوبہ ہے۔ اس پیش رفت سے طویل فاصلے کے فضائی سفر میں ایک نئے دور کی راہ ہموار ہونے کی توقع ہے، جہاں مسافر دنیا کے ایک سرے سے دوسرے سرے تک بغیر کسی ٹرانزٹ کے پہنچ سکیں گے۔
اب تک کی کہانی فرانس
- پوپ لیو چہاردہم کا مصنوعی ذہانت سے خبردار: اخلاقی اصولوں کے بغیر ٹیکنالوجی انسانیت کے لیے خطرہ
- یورپ میں مسافر طیاروں کو بم کی دھمکیاں، کئی پروازیں متبادل ہوائی اڈوں پر اتاری گئیں
- فرانس کے نیشنل بلڈ بینک پر سائبر حملہ، خون کی تمام مصنوعات محفوظ رہیں
- فلائی جناح کے نئے ایئربس اے 320 طیارے کی فرانس میں پہلی کامیاب آزمائشی پرواز مکمل










