around.pk
Tuesday, 10 November 2026
☁ کراچی 22°☀ لاہور 18°⛅ اسلام آباد 16°
پاکستان

بھارت میں دیوالی کے بعد فضائی آلودگی، لاہور متاثر ہونے کا خدشہ

بھارتی پنجاب اور نئی دہلی میں دیوالی کے بعد فضائی آلودگی خطرناک حد تک پہنچ گئی، لاہور میں بھی ہوا کے مشرقی رخ کے باعث آلودگی بڑھنے کا امکان

around.pk·1h ago

بھارت میں دیوالی کے تہوار کے بعد فضائی آلودگی کی سطح میں تشویشناک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث پاکستان کے شہر لاہور میں بھی فضائی معیار متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق بھارتی پنجاب کے 34 مانیٹرنگ مقامات میں سے 24 پر فضائی آلودگی خطرناک سطح پر پہنچ گئی ہے، جبکہ سات مقامات پر ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) ایک ہزار سے تجاوز کر گیا ہے۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کے مطابق گزشتہ رات تقریباً بارہ بجے موصول ہونے والے اعداد و شمار میں لاہور سے ملحقہ بھارتی علاقوں میں فضائی آلودگی خطرناک حد تک ریکارڈ کی گئی۔ کھیم کرن میں AQI 631، پٹی میں 291، امرتسر میں 514، گورداسپور میں 477، جالندھر میں 848، ابوہر میں 1244، بھٹنڈہ میں 1032، لدھیانہ میں 744 اور برنالہ میں 967 ریکارڈ کیا گیا۔ سب سے زیادہ آلودگی فریدکوٹ میں 1588 جبکہ نئی دہلی میں 537 ریکارڈ کی گئی۔

ماہرین کے مطابق ہوا کی سست رفتار اور مشرقی راہداری سے پاکستان کی جانب ممکنہ فضائی بہاؤ کے باعث سرحد پار آلودگی لاہور کے فضائی معیار کو مزید متاثر کر سکتی ہے۔ لاہور میں رات اور صبح کے اوقات میں AQI انتہائی مضر صحت سے خطرناک حد تک رہنے کا امکان ہے، تاہم دوپہر کے ابتدائی اوقات سے موسمی حالات اور ہواؤں کے رخ میں بہتری کے ساتھ آلودگی میں بتدریج کمی متوقع ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے اسموگ فری پنجاب وژن اور خصوصی ہدایات کے تحت تمام متعلقہ محکموں کی ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں۔ فصلوں کی باقیات اور کچرا جلانے کے خلاف سخت کارروائیاں، صنعتوں اور اینٹوں کے بھٹوں پر ماحولیاتی آلودگی کنٹرول نظام کی کڑی نگرانی اور گاڑیوں سے خارج ہونے والے دھوئیں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ لاہور بھر میں آلودگی سے زیادہ متاثرہ مقامات پر مصنوعی ذہانت (AI) کی مدد سے اسموگ گنز کی تعیناتی اور نقل و حرکت بھی جاری ہے۔

حکومت پنجاب صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے اور ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (EPA) پنجاب شہریوں اور میڈیا کو فضائی معیار، پیش گوئیوں اور ضروری احتیاطی تدابیر سے بروقت آگاہ کرتی رہے گی۔ شہریوں سے گزارش ہے کہ وہ EPA پنجاب کی جاری کردہ ایڈوائزری اور احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے بھرپور تعاون کریں۔

اب تک کی کہانی دیوالی

  1. دیوالی کے موقع پر صدر اور وزیر اعظم کا پیغام: ہندو برادری قومی زندگی کا لازمی حصہ
  2. دیوالی امن، رواداری اور باہمی احترام کا پیغام دیتی ہے: شہباز شریف
پوری ٹائم لائن دیکھیں →
لاہورپنجاببھارتنئی دہلیدیوالیمریم اورنگزیبامرتسرپنجاب ماحولیاتی تحفظ ایجنسی

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں