لاہور میں فضائی آلودگی خطرناک سطح پر، کچھ گھنٹوں میں کمی مگر صحت کے لیے خطرہ برقرار
لاہور کا اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس صبح 489 تک پہنچا جو سہ پہر تک 232 رہ گیا، تاہم ہفتہ وار اوسط میں پی ایم 2.5 کی سطح عالمی ادارہ صحت کی حد سے 14 گنا زیادہ رہی۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
لاہور میں پیر کے روز فضائی آلودگی کی سطح میں چند گھنٹوں کے دوران نمایاں کمی کے باوجود شہر کی فضا بدستور صحت کے لیے خطرناک قرار دی گئی ہے۔ محکمہ تحفظ ماحول پنجاب کے مطابق 9 نومبر کو صبح 9 بجے لاہور کا اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس 489 تھا جو سہ پہر 3 بجے کم ہو کر 232 رہ گیا۔ پنجاب کی سینیئر وزیر مریم اورنگزیب کے مطابق چھ گھنٹوں کے دوران ایئر کوالٹی انڈیکس میں 257 پوائنٹس یعنی تقریباً 53 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی اور شہر کے تمام 11 مانیٹرنگ اسٹیشنز پر آلودگی کی سطح میں کمی دیکھی گئی۔
پاکستان ایئر کوالٹی انیشی ایٹو کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 2 سے 8 نومبر کے دوران لاہور میں باریک آلودہ ذرات پی ایم 2.5 کی اوسط مقدار 214 مائیکروگرام فی مکعب میٹر رہی جو عالمی ادارہ صحت کی مقررہ گائیڈ لائن سے 14.3 گنا زیادہ ہے۔ اس دوران اینٹی اسموگ گنز کے ذریعے شہر کے مختلف علاقوں اور تقریباً 640 کلومیٹر طویل روٹس پر مِسٹ اسپرے کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق ایجرٹن روڈ پر ایئر کوالٹی انڈیکس 500 سے کم ہو کر 167 رہ گیا جہاں 333 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ جی ٹی روڈ پر 328، ڈی ایچ اے فیز 6 میں 321، شاہدرہ میں 317، برکی روڈ پر 312 اور پنجاب یونیورسٹی کے علاقے میں 305 پوائنٹس کی کمی ہوئی۔ واہگہ بارڈر، گلبرگ تھری، کاہنہ، سفاری پارک اور ملتان روڈ کے مانیٹرنگ اسٹیشنز پر بھی آلودگی میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ حکام کے مطابق صبح کے وقت آلودگی میں اضافے کی وجوہات میں دیوالی کے موقع پر آتش بازی، علاقائی فضائی آلودگی اور سرحد پار سے آنے والی آلودہ ہوائیں شامل ہیں۔
محکمہ ماحولیات کے ممبر آپریشنز اور فوکل پرسن ساجد بشیر کے مطابق آلودگی کے زیادہ دباؤ والے علاقوں میں اینٹی اسموگ گنز کے ذریعے مِسٹ اسپرے اور مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب کلائمیٹ واچ کے ڈیٹا کی مدد سے آلودگی سے متاثرہ علاقوں کی نشاندہی کرکے کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب پاکستان ایئر کوالٹی انیشی ایٹو کی رپورٹ کے مطابق 2 سے 8 نومبر کے دوران پاکستان کے زیر جائزہ شہروں میں ملتان فضائی آلودگی کے لحاظ سے سب سے زیادہ متاثر رہا جہاں پی ایم 2.5 کی اوسط مقدار 241 مائیکروگرام فی مکعب میٹر ریکارڈ کی گئی۔ لاہور 214 مائیکروگرام فی مکعب میٹر کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔ رپورٹ کے مطابق کراچی میں پی ایم 2.5 کی اوسط مقدار 49 جبکہ اسلام آباد میں 65 مائیکروگرام فی مکعب میٹر رہی جو عالمی ادارہ صحت کی گائیڈ لائن سے بالترتیب 3.3 اور 4.4 گنا زیادہ ہیں۔
پاکستان ایئر کوالٹی انیشی ایٹو نے 11 نومبر تک کی پیش گوئی میں لاہور میں پی ایم 2.5 کی سطح 179، ملتان میں 123، کراچی میں 65 اور اسلام آباد میں 71 مائیکروگرام فی مکعب میٹر رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان میں فضائی آلودگی خاص طور پر ملتان اور لاہور میں پی ایم 2.5 کی سطح بلند رہنے سے عوامی صحت کو مسلسل خطرات لاحق ہیں۔
اب تک کی کہانی عالمی ادارہ صحت
- لاہور میں نومبر کے پہلے ہفتے فضائی آلودگی خطرناک سطح پر برقرار رہی
- کمر درد کی وہ وجوہات جن سے اکثر لوگ لاعلم رہتے ہیں










