ریلوے کی آمدن 160 ارب روپے تک بڑھانے کا ہدف، حنیف عباسی کا 31 دسمبر تک مسائل حل کرنے کا اعلان
وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے کی آمدن رواں سال 160 ارب روپے تک لے جائی جائے گی، جبکہ ادارے کے مسائل کے حل کے لیے 31 دسمبر کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے اعلان کیا ہے کہ رواں سال پاکستان ریلوے کی آمدن کو 160 ارب روپے تک لے جایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ادارے کی آمدن پہلے 88 ارب روپے تھی جو اب بڑھ کر 115 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے، اور اسے مزید بہتر بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ریلوے کے تمام مسائل کے حل کے لیے 31 دسمبر کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے، اس دوران چھٹیاں بند رہیں گی اور تمام افسران و عملہ فیلڈ میں موجود رہے گا۔
یہ بات انہوں نے راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر عوام ایکسپریس کی 11 نئی کوچز کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر اسٹیشن کو رنگ برنگی جھنڈیوں سے سجایا گیا تھا اور بڑی تعداد میں مسافر اور ریلوے افسران موجود تھے۔ عوام ایکسپریس کو نجکاری کے عمل کے تحت اے اے انٹرپرائزز نے حاصل کیا ہے، اور وزیر ریلوے نے اس موقع پر کمپنی کو مبارکباد بھی دی۔
حنیف عباسی نے کہا کہ عوام ایکسپریس پہلے ایسی حالت میں تھی کہ اسے دیکھنے کو دل نہیں چاہتا تھا، تاہم اب اسے بہترین انداز میں تیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس ٹرین کو کامیاب بنانے کی پوری کوشش کی جائے گی اور اسے ناکام بنانے کی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق ٹرینوں کو نجی شعبے کے حوالے کیا جا رہا ہے تاکہ سہولیات اور خدمات کا معیار بلند ہو سکے۔
وزیر ریلوے نے بتایا کہ ریلوے ملازمین کی تنخواہیں باقاعدہ کر دی گئی ہیں جبکہ صفائی کے نظام کو بھی اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 60 ریلوے اسٹیشنوں پر مفت وائی فائی کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ریلوے ورکشاپ لاہور، جو گزشتہ 15 سال سے بند تھی، اسے بحال کر دیا گیا ہے، اور 2008 سے بند انجنوں اور پہیوں کی مرمت کرنے والی پانچوں ورکشاپس بھی دوبارہ فعال کر دی گئی ہیں۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ 40 ٹرینوں میں سے 20 میں مکمل بریکیں موجود نہیں ہیں، تاہم ان مسائل کو 31 دسمبر تک حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ شفافیت کو ترجیح دی جا رہی ہے اور صوبوں کی مشاورت و تعاون سے ٹرینیں چلائی جا رہی ہیں۔ پنجاب حکومت نے ریلوے کے لیے 10 ارب روپے کا پیکج دیا ہے، جبکہ خیبرپختونخوا حکومت کے ساتھ بھی تعاون کا معاہدہ ہو چکا ہے۔
حنیف عباسی نے کہا کہ ریلوے اسپتال نجی شعبے کے حوالے کیا جا رہا ہے، تاہم ریلوے ملازمین کو علاج کی مکمل مفت سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسافروں کو معیاری کھانا، فوڈ سیفٹی اور بہتر ماحول فراہم کیا جائے گا۔ وزیر ریلوے نے زور دیا کہ ریلوے قومی اثاثہ ہے اور اس کی حفاظت سب کی ذمہ داری ہے۔ ریلوے اسٹیشنوں کے تمام حصوں کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کی جا رہی ہے، جبکہ پرزوں کی چوری روکنے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں گے اور ملوث افراد کے خلاف کارروائی ہو گی۔
اب تک کی کہانی ریلوے
- لاہور ریلوے اسٹیشن پر بوگی میں اچانک آگ، امدادی کارروائی شروع
- شورکوٹ میں ہزارہ ایکسپریس کی دو بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، تمام مسافر محفوظ
- تھر کے کوئلے سے صنعتی ترقی: کان کنی کی سالانہ صلاحیت 11.2 ملین ٹن تک بڑھا دی گئی
- لاہور۔نارووال سیکشن پر ٹرینوں کی تاخیر اور خستہ حال بوگیاں، مسافروں کو شدید مشکلات











