around.pk
Sunday, 8 November 2026
☀ کراچی 27°☀ لاہور 22°☀ اسلام آباد 19°
کاروبار

وزیراعظم یوتھ لون اسکیم: قرض کی حد ڈھائی کروڑ روپے، عمر کی حد 18 سال

وزیراعظم یوتھ بزنس اور ایگریکلچر لون اسکیموں میں قرض کی حد 75 لاکھ سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے کر دی گئی، عمر کی کم از کم حد 21 سے 18 سال اور خواتین کے لیے 30 فیصد قرضے مختص۔

around.pk·8m ago

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت یوتھ بزنس اور ایگریکلچر لون اسکیموں کے جائزے کے لیے ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں نوجوانوں کو قرضوں کی فراہمی اور ان اسکیموں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ان اسکیموں کے تحت ذاتی قرضوں کی حد 75 لاکھ روپے سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے کر دی گئی ہے، جو آسان اقساط پر فراہم کیے جائیں گے۔

رواں سال ان اسکیموں کے تحت نوجوانوں کو قرضوں کی فراہمی کے لیے مجموعی طور پر 292 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اجلاس میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے، کاروباری مواقع فراہم کرنے اور زرعی شعبے میں ان کی شمولیت بڑھانے کے حوالے سے مختلف اقدامات پر غور کیا گیا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ قرضوں کی فراہمی کے پروگرام میں خواتین کے لیے 30 فیصد قرضے مختص کیے جائیں تاکہ انہیں معاشی طور پر خودمختار بنایا جا سکے اور کاروباری سرگرمیوں میں ان کی شرکت بڑھے۔ انہوں نے قرض حاصل کرنے کی کم از کم عمر 21 سال سے کم کرکے 18 سال کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ نوجوان کم عمری میں ہی کاروبار شروع کر سکیں اور زرعی سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (SMEDA) نوجوانوں کو کاروبار کے آغاز، رہنمائی، کاروباری مشاورت اور تکنیکی معاونت سمیت اسکیم کے تحت ہر ممکن تعاون فراہم کرے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ نوجوانوں میں ان اسکیموں، دستیاب مواقع اور حکومتی اقدامات سے متعلق ملک گیر سطح پر وسیع پیمانے پر آگاہی مہم چلائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان ان سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں اور حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے، ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے اور انہیں باعزت و پیداواری روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ جنوری 2023ء سے اب تک 581,341 نوجوانوں کو قرضہ فراہم کیا گیا، جو پچھلے دس سال کی نسبت 10 گنا زیادہ ہے۔ اس دوران 313.9 ارب روپے کے قرضے دیے جا چکے ہیں، اور 2026-27ء کے دوران 266,700 نوجوانوں کو 292 ارب روپے کے قرضے دینے کا تخمینہ ہے۔

اب تک کی کہانی قرض اور قرضے

  1. حکومت کا چھوٹے اور درمیانے کاروبار کے لیے 300 ارب روپے کی ایکسپورٹ فنانس اسکیم کا اعلان
  2. پاکستان کا بیرونی قرضہ ایک دہائی میں تقریباً دگنا، 135 ارب ڈالر تک پہنچ گیا
  3. پاکستان کا تجارتی خسارہ پہلے چار ماہ میں 14.6 ارب ڈالر تک پہنچ گیا
  4. سعودی عرب کے بعد چین اور کویت کی بھی 4.3 ارب ڈالر قرض رول اوور کی یقین دہانی
پوری ٹائم لائن دیکھیں →
قرض اور قرضےوزیراعظم محمد شہباز شریفوزیراعظم یوتھ بزنس اور ایگریکلچر لون اسکیماسم Emerging this is a testسینیٹر محمد اورنگزیب

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں