پنجاب میں فضائی آلودگی کی خطرناک سطح، لاہور سمیت متعدد شہر زہریلی دھند کی لپیٹ میں
لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس 337 ریکارڈ کیا گیا جبکہ ملتان، اوکاڑہ، پاکپتن، راجن پور، ساہیوال اور وہاڑی میں اے کیو آئی 500 کی سطح تک پہنچ گیا، ماہرین نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کی ہدایت کی ہے۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
صوبہ پنجاب کے متعدد شہروں میں فضائی آلودگی کی سطح خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے اور لاہور سمیت کئی علاقے زہریلی دھند کی لپیٹ میں آ گئے ہیں۔ صبح سات بجے لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 337 ریکارڈ کیا گیا، جس کی وجہ سے شہر کی فضا انتہائی مضر صحت قرار دی گئی ہے اور شہریوں کو سانس کے امراض کے خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔
اے کیو آئی پنجاب کے اعداد و شمار کے مطابق لاہور میں گزشتہ روز اسی وقت آلودگی کی شرح 472 تھی، جو ایک روز کے دوران 135 پوائنٹس کم ہو کر 337 پر آئی۔ تاہم شہر کے مختلف علاقوں میں آلودگی کی سطح اب بھی تشویشناک ہے اور صورتحال معمول پر آنے میں ابھی وقت درکار ہے۔
صوبے کے دیگر شہروں کی بات کی جائے تو ملتان، اوکاڑہ، پاکپتن، راجن پور، ساہیوال اور وہاڑی میں ایئر کوالٹی انڈیکس 500 ریکارڈ کیا گیا، جو انتہائی خطرناک سطح سمجھی جاتی ہے۔ ننکانہ صاحب میں یہ شرح 493 اور رحیم یار خان میں 464 رہی، جبکہ لاہور کے اندرونی علاقوں میں بھی صورتحال سنگین رہی۔
لاہور کے مختلف مقامات پر بھی بلند شرح آلودگی ریکارڈ کی گئی۔ ملتان روڈ پر ایئر کوالٹی انڈیکس 500، جی ٹی روڈ پر 446، برکی روڈ پیراگون میں 390، سفاری پارک میں 354، گلبرگ تھری میں 349، ایجرٹن روڈ پر 346 اور شاہدرہ میں 341 ریکارڈ کیا گیا۔ سی ای آر پی آفس کے مانیٹرنگ اسٹیشن پر آلودگی کی شرح 575 تک پہنچ گئی، جو اس علاقے کے لیے انتہائی مضر سطح ہے۔
بین الاقوامی ادارے آئی کیو ایئر کے مطابق لاہور 289 ایئر کوالٹی انڈیکس کے ساتھ دنیا کے آلودہ ترین بڑے شہروں میں پہلے نمبر پر رہا، جبکہ بھارت کا دارالحکومت نئی دہلی 232 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔ پاکستان کے اندر بھی صورتحال مزید تشویشناک ہے، جہاں ملتان 1026 اے کیو آئی کے ساتھ ملک کا آلودہ ترین شہر قرار پایا، بہاولپور میں 700 اور فیصل آباد میں 463 پوائنٹس ریکارڈ کیے گئے۔
ماہرین نے شہریوں، خصوصاً بچوں، بزرگوں اور سانس کے امراض میں مبتلا افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں اور ممکنہ حد تک ماسک کا استعمال کریں۔ ان کا کہنا ہے کہ فضائی آلودگی کی موجودہ سطح صحت کے لیے سنگین خطرہ ہے اور اس پر قابو پانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔
اب تک کی کہانی نئی دہلی
- بھارت میں دیوالی کے بعد فضائی آلودگی، لاہور متاثر ہونے کا خدشہ
- پاکستان کو شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کا بھارتی دعوت نامہ موصول، شرکت کا فیصلہ ادارہ جاتی مشاورت کے بعد
- کھیل کے بعد بچی کی اچانک موت: کیا شدید جسمانی سرگرمی بچوں کے دل کے لیے خطرہ ہے؟
- لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار، ملتان میں فضائی آلودگی خطرناک حد تک پہنچ گئی









