پنجاب میں پنچایت نظام کی بحالی: وزیراعلیٰ مریم نواز نے مجوزہ ڈرافٹ کی منظوری دے دی
پنجاب حکومت پنجاب پنچایت ایکٹ 2026 پر عوام سے تجاویز طلب کرے گی، جس کے تحت 15 دن میں تنازعات کے حل، بلا معاوضہ پنچایتیوں کی تقرری اور خواتین و اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی تجاویز شامل ہیں۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
پنجاب میں پنچایت نظام کی قانونی بحالی کی تیاری آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے مجوزہ ڈرافٹ کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد صوبائی حکومت پنجاب پنچایت ایکٹ 2026 پر عوام سے تجاویز لینے کا فیصلہ کر چکی ہے۔ اس اقدام کا مقصد عوام کو سستا اور فوری انصاف فراہم کرنا ہے۔
مجوزہ ڈرافٹ کے مطابق پنچایتی نظام میں کسی بھی تنازعے کو 15 دن کے اندر حل کرنے کی کوشش لازمی ہو گی۔ پنچایتی مقرر ہونے کے لیے ریٹائرڈ جج، ریٹائرڈ فوجی و سرکاری افسران اور وکلا اہل ہوں گے، جبکہ اساتذہ، پروفیسرز، علمائے کرام اور مساجد کے ائمہ بھی پنچایتی بن سکیں گے۔ پنچایتی کی تقرری، نگرانی اور برطرفی کے اختیارات ڈپٹی کمشنر کے پاس ہوں گے۔ پنچایتی کی مدت تین سال تجویز کی گئی ہے اور تسلی بخش کارکردگی کی صورت میں دوبارہ تقرری ممکن ہو گی۔ پنچایتی بلا معاوضہ خدمات انجام دیں گے اور عہدہ سنبھالنے سے قبل حلف اٹھانا ہو گا۔
ڈرافٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ تمام فریقین کی رضامندی کے بغیر پنچایتی کسی تنازعے کی کارروائی نہیں کر سکے گا۔ دیوانی، خاندانی، گھریلو اور ہمسایوں کے تنازعات پنچایت کے ذریعے حل کرائے جا سکیں گے، جن میں جائیداد، زمین کی حدود، قبضے، راستوں اور آبپاشی کے تنازعات شامل ہیں۔ کاروباری معاملات اور مالی لین دین کے تنازعات بھی پنچایت کے ذریعے حل کرائے جا سکیں گے۔
تاہم زیادتی، جنسی تشدد، ہراسانی اور غیرت کے نام پر جرائم پنچایت کے دائرہ اختیار سے باہر ہوں گے۔ ونی، سوارہ اور بدلہ صلح جیسی رسومات کے تحت خواتین کو شادی میں دینے پر پابندی کی تجویز دی گئی ہے۔ اسی طرح کم عمر اور جبری شادی، شادی کی قانونی حیثیت، تنسیخ نکاح اور بچوں کی تحویل کے معاملات بھی پنچایت کے دائرہ اختیار سے مستثنیٰ ہوں گے۔ سرکاری اراضی، متروکہ املاک اور اوقاف کی جائیداد کے تنازعات بھی پنچایت میں نہیں سنے جا سکیں گے۔
ڈرافٹ کے مطابق پنچایتی کو عدالتوں کے عدالتی اختیارات حاصل نہیں ہوں گے اور اس کا کردار مصالحت تک محدود رہے گا۔ عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات پنچایت کے سپرد نہیں کیے جا سکیں گے، تاہم عدالتی ریفرنس پر مصالحت ممکن ہو گی۔ پنچایت میں ہونے والا سمجھوتہ تحریری ہو گا اور فریقین کے دستخط یا انگوٹھے لازمی قرار دیے گئے ہیں۔ پنچایتی تصفیے کو عدالتی ڈگری میں تبدیل کرانے کی تجویز بھی شامل ہے، جس پر عدالت 30 دن میں فیصلہ کر سکے گی، جبکہ دھوکے، جبر یا غلط بیانی سے حاصل کیا گیا سمجھوتہ عدالت میں مسترد ہو سکے گا۔
مجوزہ ڈرافٹ میں خواتین، بچوں، بزرگوں، معذور افراد اور مذہبی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے خصوصی شقیں شامل کی گئی ہیں۔ پنچایتی خواتین کے جائیداد کے حقوق کے خلاف فیصلہ نہیں کر سکے گا، جبکہ بدعنوانی، رشوت یا اختیارات کے ناجائز استعمال پر پنچایتی کی معطلی اور برطرفی ممکن ہو گی۔ پنچایت کی کارروائی کا ریکارڈ محفوظ رکھنے اور فریقین کے بیانات و مذاکرات خفیہ رکھنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر پنچایت نظام کی نگرانی اور انتظامی کنٹرول کا ذمہ دار ہو گا۔
اب تک کی کہانی ڈپٹی کمشنر
- پنجاب میں پنچائیت نظام کی اصولی منظوری: مریم نواز کا بڑا فیصلہ
- وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت: دورے کے دوران سیکیورٹی کے نام پر دکانیں اور مارکیٹیں بند نہ کی جائیں
- وی آئی پی دورے کی وجہ سے امتحان ملتوی کرنے پر ڈی سی جہلم برطرف











