پنجاب میں پنچائیت نظام کی اصولی منظوری: مریم نواز کا بڑا فیصلہ
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے یونین کونسل اور گاؤں کی سطح پر پنچائیت کمیٹیوں کے قیام کی اصولی منظوری دے دی، جس کا مقصد تنازعات کا باہمی رضامندی سے حل اور عدالتوں کا بوجھ کم کرنا ہے۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں 'پنچائیت' نظام کے قیام کی اصولی منظوری دے دی ہے۔ یہ فیصلہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ کے زیر صدارت ایک اعلیٰ سطح اجلاس میں کیا گیا، جس میں پنچائیت کے قیام سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس نظام کا مقصد یونین کونسل، موضع، علاقے اور گاؤں کی سطح پر پنچائیت کمیٹیاں تشکیل دے کر مقامی تنازعات کو باہمی افہام و تفہیم سے حل کرنا ہے۔
بریفنگ کے مطابق پنچائیت کمیٹی تنازعات کو فریقین کی باہمی رضامندی سے حل کرے گی اور اس کا کام قانونی، انصاف اور غیر جانبداری کی مقررہ حدود کے اندر ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر غیر جانبدار اور عوامی اعتماد رکھنے والے مستقل رہائشی کو رکن پنچائیت مقرر کرے گا۔ ارکان کا انتخاب نیک نامی، غیر جانبداری اور دانشمندی کی بنیاد پر کیا جائے گا، جبکہ نمبردار، اساتذہ، ریٹائرڈ جج، ریٹائرڈ آرمی آفیسر، ریٹائرڈ سول سرونٹس اور دیگر معززین کو رکنیت دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنچائیت پروگرام کے لیے رولز، پالیسی گائیڈ لائن اور ضوابط کا جامع پلان طلب کرتے ہوئے اختیارات کے تعین کے لیے واضح قواعد و ضوابط مقرر کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ خواتین یا کمزور طبقات کے خلاف پنچائیت کے ممکنہ استعمال کو روکنے کے لیے دائرہ اختیار سے متعلق ایک 'نیگیٹو لسٹ' بھی جاری کی جائے گی، تاکہ اس نظام کا غلط استعمال نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ تنازعات کو باہمی مکالمے اور معززین کی دانشمندی سے حل کیا جا سکتا ہے، اور پنجاب میں معاشرتی ثالثی کے ذریعے چھوٹے موٹے جھگڑے نمٹانا صدیوں پرانی روایت ہے۔ پنچائیت نظام شہریوں کو نظام انصاف میں شراکت دار بنانے کی کاوش ہے، جس سے عدالتوں پر مقدمات کا بوجھ کم ہوگا اور فوری و سستا انصاف ممکن ہو سکے گا۔
مریم نواز نے واضح کیا کہ باہمی اختلافات کے حل کے لیے عدالت ہی پہلا فورم نہیں بلکہ پنچائیت کو ہونا چاہیے، اور اس مقصد کے لیے پنجاب پنچائیت ایکٹ متعارف کروایا جا رہا ہے، جو باہمی رضامندی سے تنازع حل کرنے کا سادہ، کم خرچ اور آسان فورم ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کو نچلی سطح پر اختیارات میں شراکت دار بنا رہی ہے تاکہ وہ اپنے فیصلے خود کر سکیں۔
اب تک کی کہانی ڈپٹی کمشنر
- وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت: دورے کے دوران سیکیورٹی کے نام پر دکانیں اور مارکیٹیں بند نہ کی جائیں
- وی آئی پی دورے کی وجہ سے امتحان ملتوی کرنے پر ڈی سی جہلم برطرف









