سینڈ پیپر اسکینڈل: کیمرون بینکرافٹ کا دعویٰ، پوری ٹیم اور کوچز کو علم تھا
آسٹریلوی کرکٹر کیمرون بینکرافٹ نے 2018 کے سینڈ پیپر اسکینڈل پر خاموشی توڑتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ صرف اسٹیو اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر ہی نہیں بلکہ پوری ٹیم اور کوچز کو بھی گیند سے چھیڑ چھاڑ کا علم تھا۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
آسٹریلیا کے سابق کرکٹر کیمرون بینکرافٹ نے 2018 کے بدنام زمانہ سینڈ پیپر اسکینڈل سے متعلق خاموشی توڑ دی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں صرف اسٹیو اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر ہی نہیں بلکہ پوری ٹیم کو گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کا علم تھا۔ بینکرافٹ، جنہیں اس اسکینڈل میں سب سے زیادہ پابندی کا سامنا کرنا پڑا، نے اپنے تفصیلی بیان میں اعتراف کیا کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران انہوں نے مکمل سچ نہیں بتایا تھا اور کئی اہم تفصیلات چھپائی تھیں تاکہ ٹیم کے دیگر ارکان کو مشکلات سے بچایا جا سکے۔
ان کے مطابق جنوبی افریقا کے خلاف پورٹ ایلزبتھ ٹیسٹ کے دوران دوسرے دن چائے کے وقفے میں ڈریسنگ روم میں گیند کو ریورس سوئنگ کرانے کے لیے سینڈ پیپر استعمال کرنے کی تجویز سامنے آئی۔ بینکرافٹ کا دعویٰ ہے کہ ڈیوڈ وارنر نے یہ تجویز پیش کی جبکہ کوچ ڈیوڈ سیکر اور ڈیرن لی مین بھی اس گفتگو کے دوران موجود تھے۔ ان کے بقول اسٹیو اسمتھ نے اس معاملے سے خود کو الگ کر لیا تھا۔ بینکرافٹ نے کہا کہ انہیں سینڈ پیپر استعمال کرنے کی ذمہ داری دی گئی اور انہوں نے ٹیم کی خاطر یہ کام قبول کیا۔
بینکرافٹ کا مزید کہنا ہے کہ میچ کے دوران پیٹ کمنز، مچل اسٹارک، جوش ہیزل ووڈ اور مچل مارش سمیت دیگر کھلاڑی گیند کی حرکت کے بارے میں ان سے بات کرتے اور رائے دیتے رہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں بھی یہی عمل جاری رہا جہاں ٹی وی کیمروں نے انہیں سینڈ پیپر استعمال کرتے ہوئے پکڑ لیا۔ بینکرافٹ کے مطابق واقعے کے بعد ٹیم میٹنگ میں کسی نے لاعلمی کا اظہار نہیں کیا، تاہم بعد میں تمام ذمہ داری چند کھلاڑیوں پر ڈال دی گئی۔
انہوں نے پیٹ کمنز کی حالیہ پریس کانفرنس پر بھی شدید ناراضی کا اظہار کیا اور کہا کہ عوام کے سامنے پیش کی گئی کہانی ان کے تجربات سے مختلف ہے۔ بینکرافٹ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسکینڈل کے حوالے سے نئی بحث چھڑ گئی ہے اور سوال اٹھائے جا رہے ہیں کہ واقعے میں ملوث افراد کی ذمہ داری کا تعین کیسے کیا گیا۔
واضح رہے کہ 2018 میں کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران کیمرون بینکرافٹ کی ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں وہ گیند پر سینڈ پیپر استعمال کرتے نظر آئے تھے۔ اس کے بعد کرکٹ آسٹریلیا نے اسٹیو اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر پر ایک ایک سال جبکہ بینکرافٹ پر نو ماہ کی پابندی عائد کی تھی۔ اب بینکرافٹ کے اس انکشاف نے اس واقعے کو ایک بار پھر تنازعے کا شکار بنا دیا ہے۔
اب تک کی کہانی کیپ ٹاؤن
- سینڈ پیپر اسکینڈل: عثمان خواجہ کے انکشافات کے بعد کرکٹ آسٹریلیا کا مؤقف سامنے آ گیا
- عثمان خواجہ کا انکشاف: بال ٹیمپرنگ اسکینڈل میں پوری آسٹریلوی ٹیم ملوث تھی











