around.pk
Saturday, 14 November 2026
🌦 کراچی 29°☀ لاہور 27°☀ اسلام آباد 23°
کھیل

ڈیوڈ وارنر کا کرکٹ آسٹریلیا پر سنگین الزام، سینڈ پیپر اسکینڈل میں پردہ پوشی کا دعویٰ

سابق آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر نے 2018 کے سینڈ پیپر اسکینڈل کی تحقیقات پر کرکٹ آسٹریلیا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ادارے پر پردہ پوشی کا الزام عائد کیا ہے اور فاسٹ بولروں کے انٹرویوز نہ کیے جانے پر سوال اٹھایا ہے۔

around.pk·6m ago

آسٹریلیا کے سابق اوپنر ڈیوڈ وارنر نے 2018 کے بدنام زمانہ سینڈ پیپر اسکینڈل کی تحقیقات پر کرکٹ آسٹریلیا کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ادارے پر پردہ پوشی کا الزام عائد کیا ہے۔ وارنر نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ اسکینڈل کی ابتدائی تحقیقات کے دوران فاسٹ بولرز جوش ہیزل ووڈ، مچل اسٹارک اور نیتھن لائن کے انٹرویوز نہیں کیے گئے، جس سے تحقیقات کی شفافیت پر سوال اٹھتے ہیں۔

ان کے مطابق اگر یہ بات درست ہے تو پھر یہ مؤقف کیسے اختیار کیا جا سکتا ہے کہ بولرز کو گیند سے چھیڑ چھاڑ کا علم نہیں تھا۔ وارنر کا کہنا تھا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ تحقیقات کے آغاز ہی میں چند مخصوص کھلاڑیوں کو ذمہ دار ٹھہرانے کا فیصلہ کر لیا گیا تھا اور اب بھی حقائق کے برعکس مؤقف برقرار رکھا جا رہا ہے۔

دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا کے ترجمان نے کہا کہ تمام کھلاڑیوں کو اس وقت اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع دیا گیا تھا اور گزشتہ آٹھ برس کے دوران نئے شواہد سامنے لانے کی گنجائش بھی موجود رہی ہے، تاہم ترجمان نے تینوں بولرز کے انٹرویوز سے متعلق براہ راست کوئی جواب نہیں دیا۔

یہ تنازع اس وقت مزید شدت اختیار کر گیا جب آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے عثمان خواجہ کے الزامات مسترد کرتے ہوئے سینڈ پیپر کے استعمال سے لاعلمی ظاہر کی۔ وارنر نے کمنز کے بیان پر بھی ناراضی کا اظہار کیا اور خواجہ کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی کتاب میں بیان کردہ حقائق کے ساتھ کھڑے ہیں۔

اس حوالے سے کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرین برگ نے تحقیقات دوبارہ کھولنے کی ضرورت مسترد کر دی ہے، جبکہ اس تنازعے کے باعث آسٹریلوی کرکٹ کے سابق کھلاڑیوں کے درمیان اختلافات مزید نمایاں ہو گئے ہیں۔ واضح رہے کہ سینڈ پیپر اسکینڈل آسٹریلوی کرکٹ کی تاریخ کے متنازع ترین واقعات میں شمار ہوتا ہے، جس پر اب بھی کھلاڑیوں اور منتظمین کے درمیان سوالات اٹھتے رہتے ہیں۔

اب تک کی کہانی ڈیوڈ وارنر

  1. سینڈ پیپر اسکینڈل: عثمان خواجہ کے انکشافات کے بعد کرکٹ آسٹریلیا کا مؤقف سامنے آ گیا
  2. عثمان خواجہ کا انکشاف: بال ٹیمپرنگ اسکینڈل میں پوری آسٹریلوی ٹیم ملوث تھی
پوری ٹائم لائن دیکھیں →
کرکٹآسٹریلیاڈیوڈ وارنرکرکٹ آسٹریلیاپیٹ کمنزجوش ہیزل ووڈمچل اسٹارکنیتھن لائن

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں