around.pk
Saturday, 14 November 2026
⛅ کراچی 30°☀ لاہور 27°☀ اسلام آباد 23°
دنیا

برطانیہ میں بھارتی طالب علم کو بچوں کے آن لائن استحصال پر 30 سال قید کی سزا

چیسٹر کراؤن کورٹ نے بچوں کے آن لائن جنسی استحصال، بلیک میلنگ اور ہراسانی کے مقدمے میں 27 سالہ بھارتی طالب علم بلال قاضی کو 30 سال قید اور مزید 8 سال توسیعی نگرانی کی سزا سنادی۔

around.pk·8m ago

برطانیہ کی چیسٹر کراؤن کورٹ نے 27 سالہ بھارتی طالب علم بلال قاضی کو کم عمر بچیوں کے آن لائن جنسی استحصال، بلیک میلنگ اور ہراسانی کے سنگین جرائم میں ملوث پایے جانے پر 30 سال قید کی سزا سنادی ہے۔ عدالتی کارروائی کے مطابق ملزم کو قید کی مدت کے علاوہ مزید 8 سال تک توسیعی نگرانی کی سزا بھی دی گئی ہے، جس کا مطلب یہ ہے کہ رہائی کے بعد بھی اسے کئی برسوں تک قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نگرانی میں رہنا ہوگا۔

برطانوی خبر رساں اداروں اسکائی نیوز اور آئی ٹی وی کے ساتھ ساتھ کراؤن پراسیکیوشن سروس کے مطابق ملزم سوشل میڈیا اور آن لائن گیمنگ پلیٹ فارمز پر ’ریز‘ کے فرضی نام سے خود کو چودہ سالہ سفید فام برطانوی لڑکا ظاہر کرتا تھا۔ وہ کسی نامعلوم نوجوان کی تصویر استعمال کرکے کم عمر لڑکیوں سے رابطہ کرتا اور ان کا اعتماد حاصل کرنے کی کوشش کرتا تھا۔

تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ بلال قاضی اسنیپ چیٹ، روبلوکس، وِنک اور وِز جیسی ایپس کے ذریعے بچیوں سے رابطہ قائم کرتا اور انہیں یقین دلاتا کہ وہ ان کے ساتھ حقیقی رومانوی تعلق میں ہے۔ اعتماد حاصل ہونے کے بعد وہ لڑکیوں سے نامناسب تصاویر اور ویڈیوز طلب کرتا اور پھر رفتہ رفتہ اپنے مطالبات میں اضافہ کرتا چلا جاتا، جس کے بعد بلیک میلنگ اور ہراسانی کا سلسلہ شروع ہوجاتا۔

یہ مقدمہ اس بات کی واضح مثال ہے کہ آن لائن گیمنگ اور میسجنگ پلیٹ فارمز پر اجنبی افراد کس طرح فرضی شناخت اختیار کرکے نابالغ بچوں تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔ برطانوی حکام کی جانب سے اس سزا کا مقصد ایسے جرائم کے خلاف سخت پیغام دینا ہے تاکہ آن لائن بچوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے اور والدین کو اس خطرے سے آگاہ کیا جاسکے۔

واضح رہے کہ ڈیجیٹل دور میں بچوں کے آن لائن استحصال کے واقعات میں عالمی سطح پر اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کے پیش نظر ماہرین والدین کو مشورہ دیتے ہیں کہ وہ بچوں کی آن لائن سرگرمیوں پر نظر رکھیں، انہیں اجنبی افراد سے رابطے کی خطرات سے آگاہ کریں اور ایسی ایپس کے استعمال میں احتیاط برتیں جن پر شناخت کی تصدیق ممکن نہ ہو۔ اس مقدمے کی سزا اس سلسلے میں ایک اہم قانونی پیش رفت قرار دی جارہی ہے۔

اب تک کی کہانی برطانیہ

  1. لاہور قلعے کا اکبری دروازہ دو صدیوں بعد عوام کے لیے کھلنے کو تیار
  2. پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارت 6 ارب پاؤنڈ تک پہنچ گئی، ہائی کمشنر
  3. برطانوی عدالت نے ایرانی صحافیوں کے خلاف منصوبہ بندی کے الزام میں دو ایرانی شہریوں کو مجرم قرار دے دیا
  4. سعودی عرب میں میزائل اور ڈرون حملوں کے خدشے پر برطانیہ کی شہریوں کو حفاظتی ہدایات
پوری ٹائم لائن دیکھیں →
بھارتبرطانیہبلال قازیچیسٹر کراؤن کورٹکراؤن پراسیکیوشن سروسروبلاکساسنیپ چیٹ

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں