around.pk
Friday, 13 November 2026
☀ کراچی 26°☀ لاہور 20°☀ اسلام آباد 15°
پاکستان

لاہور قلعے کا اکبری دروازہ دو صدیوں بعد عوام کے لیے کھلنے کو تیار

شاہی قلعے کا اکبری دروازہ، جو برطانوی دور میں بند کر دیا گیا تھا، بحالی کے بعد دسمبر میں سیاحوں کے لیے کھول دیا جائے گا۔ اس منصوبے سے نہ صرف تاریخی ورثہ محفوظ ہوا ہے بلکہ سیاحت اور مقامی معیشت کو بھی فروغ ملے گا۔

around.pk·13m ago

لاہور کے تاریخی شاہی قلعے کا اکبری دروازہ، جو تقریباً دو صدیوں سے بند تھا، اب بحال ہو چکا ہے اور رواں سال دسمبر میں سیاحوں اور عام شہریوں کے لیے کھول دیا جائے گا۔ یہ دروازہ مغل بادشاہ اکبر کے دور میں تعمیر ہوا تھا اور برطانوی حکومت نے انتظامی پالیسی کے تحت اسے بند کر دیا تھا۔ 2023 میں شروع ہونے والے بحالی منصوبے کے تحت اسے اصل طرز تعمیر کے مطابق بحال کیا گیا ہے اور اسے سیاحتی اور عوامی سرگرمیوں کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

قلعے کے مشرقی حصے میں واقع اکبری دروازہ مغل دور میں اندرون شہر کو شاہی قلعے سے منسلک کرنے کا اہم راستہ تھا، جس سے عام شہری، تاجر اور شاہی وفود قلعے میں داخل ہوتے تھے۔ ڈائریکٹر کنزرویشن وجاہت علی خان کے مطابق یہ دروازہ قلعے کی ابتدائی تعمیرات میں شامل تھا، جس کے بعد قلعے کو مشرق سے مغرب کی جانب توسیع دی گئی اور مختلف ادوار میں دوسرے دروازے بھی تعمیر کیے گئے۔

بحالی کا یہ منصوبہ پنجاب والڈ سٹیز اینڈ ہیریٹیج ایریا اتھارٹی، فرانسیسی ترقیاتی ایجنسی اور آغا خان کلچرل سروس پاکستان کے اشتراک سے مکمل کیا گیا۔ کام کے دوران سکھ اور برطانوی ادوار میں کی گئی پلستر کی تہیں ہٹانے سے قدیم فریسکو مصوری دریافت ہوئی، جس میں ہندو دیوتاؤں کی تصاویر بھی شامل ہیں۔ ان تصاویر کو محفوظ بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔

پراجیکٹ انجینیئر یاسر علی کے مطابق طویل عرصے تک بند رہنے کی وجہ سے لکڑی کا بھاری مرکزی دروازہ جام اور غیر متوازن ہو گیا تھا، جسے مرمت کر کے دوبارہ قابل استعمال بنایا گیا ہے۔ رم مارکیٹ کی جانب سے رسائی بہتر بنانے کے لیے راستہ اور سلوپ بھی تعمیر کیا گیا ہے، جبکہ صحن میں کھدائی کے دوران قدیم نکاسی آب کا نظام بھی دریافت ہوا جسے بحالی کے منصوبے میں شامل کیا گیا ہے۔

منصوبے کے تحت عمارت کی زیریں منزل پر ٹکٹ گھر کے لیے کیبن، پہلی منزل پر تاریخی تصاویر اور دستاویزات کی گیلری جبکہ سی سی ٹی وی مانیٹرنگ روم قائم کیا جائے گا۔ وہیل چیئر ریمپ اور پارکنگ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ شاہی قلعے کے انچارج اویس رضا کے مطابق اکبری دروازے کو دسمبر میں کھولنے کے بعد شہری اس تاریخی راستے سے بھی قلعے میں داخل ہو سکیں گے۔

حکومت کے مطابق اکبری دروازے کی بحالی لاہور قلعے کے تاریخی ورثے کو محفوظ بنانے کے ساتھ اس کے ان حصوں کو دوبارہ عوامی رسائی میں لانے کی کوششوں کا حصہ ہے جو طویل عرصے سے بند یا غیر فعال تھے۔ اس اقدام سے سیاحت کے فروغ اور مقامی سطح پر معاشی سرگرمیوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔

اب تک کی کہانی برطانیہ

  1. پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارت 6 ارب پاؤنڈ تک پہنچ گئی، ہائی کمشنر
  2. برطانوی عدالت نے ایرانی صحافیوں کے خلاف منصوبہ بندی کے الزام میں دو ایرانی شہریوں کو مجرم قرار دے دیا
  3. سعودی عرب میں میزائل اور ڈرون حملوں کے خدشے پر برطانیہ کی شہریوں کو حفاظتی ہدایات
  4. ایف آئی اے کی راولپنڈی اور اسلام آباد میں کارروائیاں، غیر قانونی ایمپلائمنٹ ایجنسی اور ویزا فراڈ نیٹ ورک بے نقاب
پوری ٹائم لائن دیکھیں →
لاہوربرطانیہآغا خان کلچرل سروس پاکستاناکبری دروازہفرانسیسی ترقیاتی ایجنسیلاہور قلعہپنجاب والڈ سٹیز اینڈ ہیریٹیج ایریا اتھارٹیوجاہت علی خان

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں