وفاقی حکومت کا ہاکی فیڈریشن کو مکمل تعاون کی یقین دہانی، ایف آئی ایچ نیشنز کپ پاکستان میں ہوگا
اسلام آباد میں ہاکی کی بحالی کے حوالے سے تقریب منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزیر رانا ثنا اللہ اور ایف آئی ایچ کے صدر طیب اکرام نے شرکت کی۔ طیب اکرام نے اعلان کیا کہ اگلا ایف آئی ایچ نیشنز کپ پاکستان میں ہوگا جبکہ نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم کو ایف آئی ایچ آفیشل ہائی پرفارمنس سینٹر کی منظوری بھی دی گئی۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
اسلام آباد میں قومی کھیل ہاکی کی بحالی کے حوالے سے ایک اہم تقریب منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثنا اللہ اور انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) کے صدر طیب اکرام نے شرکت کی۔ تقریب میں اراکین قومی اسمبلی وجیہہ اکرم، نزہت صادق، زیب جعفر، انجم عقیل، سابق اولمپین شہناز شیخ، شہباز سنیر، طاہر زمان، ناصر علی، شکیل عباسی، ریحان بٹ، اویس کرنی اور حسن عسکری بخاری سمیت کئی اہم شخصیات موجود تھیں۔
وفاقی وزیر رانا ثنا اللہ نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان ہاکی کا چیمپئن رہا ہے اور یہ ہماری پہچان اور قومی فخر ہے، تاہم بدقسمتی سے طویل عرصے سے پاکستان ہاکی کی مایوس کن کارکردگی کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایات ہیں کہ ہاکی کو خصوصی توجہ دی جائے اور عالمی سطح پر پاکستان کا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کیا جائے۔ حکومت ہاکی فیڈریشن کے ساتھ کھڑی ہے اور فیڈریشن کو چاہیے کہ وہ ایک جامع پلان تشکیل دے تاکہ کھلاڑیوں کو ہر ممکن سہولیات اور تعاون فراہم کی جا سکیں۔
رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ ماضی میں ہاکی کے ساتھ سیاست کرنے والوں کے بجائے ملک کے لیے کھیلنے والے کھلاڑیوں کی ضرورت ہے اور سینئر کھلاڑیوں کو بھی ہاکی کی بحالی میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے صدر طیب اکرام نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہاکی کے گورننس اسٹرکچر کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے اور اعلان کیا کہ اگلا ایف آئی ایچ نیشنز کپ پاکستان میں منعقد ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ ورلڈ کپ اور اولمپکس کے بعد یہ ہاکی کا بڑا عالمی ایونٹ ہے جس میں 10 بین الاقوامی ٹیمیں شرکت کریں گی۔ طیب اکرام نے کہا کہ بھارت کو بھی پاکستان آکر کھیلنا چاہیے۔
ایف آئی ایچ کے صدر نے نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم کو ایف آئی ایچ آفیشل ہائی پرفارمنس سینٹر کی منظوری دینے کا بھی اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کو عالمی سطح پر بہترین پوزیشنز حاصل کرنے کے لیے سخت محنت کرنا ہوگی اور کھلاڑیوں کی مالی معاونت، جدید تربیت اور عالمی معیار کے کوچز کی فراہمی ناگزیر ہے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین وانی نے کہا کہ ہاکی کی پرموشن کے لیے حکومتی سطح سے بھی کاوشیں کی جا رہی ہیں اور اس تقریب سے ہاکی نئے دور میں داخل ہو جائے گی۔ رکن قومی اسمبلی زیب جعفر نے کہا کہ 10 ملکی ہاکی ٹورنامنٹ کے انعقاد سے ہاکی کو پرموٹ کیا جائے گا اور پاکستان ہاکی فیڈریشن و ایف آئی ایچ کے درمیان ہونے والا معاہدہ ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔
اب تک کی کہانی اسلام آباد
- اسلام آباد پولیس میں بدعنوانی کے خلاف کارروائی: رشوت لے کر بھکاری خاتون کو فرار کرانے پر کانسٹیبل گرفتار
- بچیوں کی تعلیم پر خاندانوں کو اپنی آمدنی کا 13 فیصد خرچ کرنا پڑ رہا ہے
- منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کا آغاز: اسحاق ڈار کا عالمی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت کی یقین دہانی
- وزیراعظم کا بڑا فیصلہ: وفاقی تعلیمی اداروں میں سیکیورٹی اہلکاروں کے قیام پر پابندی











