around.pk
Thursday, 12 November 2026
⛅ کراچی 26°⛅ لاہور 22°🌧 اسلام آباد 16°
پاکستان

وزیراعظم کا بڑا فیصلہ: وفاقی تعلیمی اداروں میں سیکیورٹی اہلکاروں کے قیام پر پابندی

وزیراعظم کی ہدایات پر وزارتِ وفاقی تعلیم نے آفس میمورنڈم جاری کر دیا، جس کے تحت وفاقی تعلیمی اداروں کی عمارتیں صرف تعلیمی مقاصد کے لیے استعمال ہوں گی اور اساتذہ کو انتخابی و انتظامی ڈیوٹیوں سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔

around.pk·23m ago

وزیراعظم کی جانب سے وفاقی تعلیمی اداروں میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے قیام پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت نے اس سلسلے میں باضابطہ آفس میمورنڈم جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق وفاقی نظامتِ تعلیم کے زیرِ انتظام اسکولوں اور کالجوں کی عمارتیں، کلاس رومز اور دیگر سہولیات صرف تعلیمی مقاصد کے لیے استعمال کی جائیں گی۔

سرکاری مراسلے کے مطابق کسی بھی تعلیمی ادارے کی عمارت یا سہولت کو پولیس یا کسی دوسرے قانون نافذ کرنے والے ادارے کے عارضی کیمپ، اہلکاروں کی تعیناتی، حراستی مرکز یا کسی دیگر آپریشنل سرگرمی کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس طرح تعلیمی اداروں کو کسی بھی قانون نافذ کرنے والے ادارے کے قبضے میں دینے پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

وزیراعظم کی ہدایات میں یہ واضح کیا گیا ہے کہ وفاقی نظامتِ تعلیم کے اساتذہ کو تدریسی ذمہ داریوں کے علاوہ انتخابی فرائض، مردم شماری، گھر گھر سروے اور دیگر انتظامی امور پر تعینات نہیں کیا جائے گا۔ مراسلے کے مطابق ایسے اساتذہ جو پہلے ہی غیر تدریسی یا انتظامی ذمہ داریوں پر تعینات ہیں، ان کی متعلقہ ڈیوٹیاں فوری طور پر منسوخ کی جا سکتی ہیں تاکہ وہ اپنی تدریسی ذمہ داریوں پر توجہ دے سکیں۔

وزارتِ وفاقی تعلیم کی جانب سے جاری کردہ یہ آفس میمورنڈم سیکرٹری داخلہ اور چیف کمشنر اسلام آباد کو بھی ارسال کر دیا گیا ہے تاکہ ہدایات پر مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔ حکام کے مطابق اس فیصلے کا مقصد تعلیمی اداروں میں تعلیمی ماحول کو محفوظ اور بہتر بنانا ہے۔

یاد رہے کہ وزیراعظم نے 4 نومبر 2026ء کو جاری کردہ ہدایات میں واضح کیا تھا کہ وفاقی تعلیمی اداروں کی عمارتیں اور دیگر سہولیات صرف تعلیمی مقاصد کے لیے استعمال کی جائیں گی اور انہیں کسی بھی قانون نافذ کرنے والے ادارے کے حوالے نہیں کیا جائے گا۔ اس فیصلے کو تعلیمی شعبے میں ایک اہم اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔

اب تک کی کہانی محکمۂ داخلہ

  1. سینیگال کے ساحل پر تارکین وطن کی کشتی الٹنے سے کم از کم 35 افراد ہلاک
  2. شارع فیصل کال سینٹر چھاپہ: 9 ملزمان جسمانی ریمانڈ پر، کم عمر اور خواتین ملازمین ضمانت پر رہا
پوری ٹائم لائن دیکھیں →
اسلام آبادوزیراعظممحکمۂ داخلہوفاقی نظامت تعلیماتچیف کمشنر اسلام آبادوزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورنہ تربیت

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں