نیتن یاہو کا ایران پر حملے کے لیے امریکا پر دباؤ، واشنگٹن نے فیصلہ ایک ہفتے کے لیے مؤخر کر دیا
اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے ایران کے خلاف فوجی کارروائی کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر دباؤ بڑھا دیا ہے، تاہم امریکی حکام نے فیصلہ کم از کم ایک ہفتے کے لیے مؤخر کر دیا ہے اور ٹرمپ نے بھی عندیہ دیا ہے کہ ممکنہ کارروائی نئے سال کے بعد ہو سکتی ہے۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
واشنگٹن میں اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی جانب سے ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی شروع کرنے کے مطالبے پر غور جاری ہے۔ اسرائیلی اخبار وائی نیٹ کی رپورٹ کے مطابق امریکی انتظامیہ کے حکام کا خیال ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ آنے والے چند روز میں حملے کی اجازت دینے کا امکان نہیں رکھتے، کیونکہ واشنگٹن موجودہ حالات کو امریکی مفادات کے لیے موزوں نہیں سمجھتا۔ امریکی حکام نے فیصلہ کم از کم ایک ہفتے کے لیے مؤخر کر دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو امریکا کے ساتھ مشترکہ فوجی کارروائی چاہتے ہیں اور ان کی تجویز ہے کہ ایران کے خلاف چند روز پر مشتمل ایک مختصر مگر شدید فوجی مہم چلائی جائے، جس سے ایرانی حکومت کی عسکری صلاحیتوں کو نقصان پہنچایا جا سکے۔ تاہم ٹرمپ کے مشیروں میں اس تجویز پر اختلاف پایا جاتا ہے؛ بعض حکام کی رائے ہے کہ معاشی ناکہ بندی مؤثر ثابت ہو رہی ہے، اس لیے فی الحال فوجی کارروائی کے بجائے اسی دباؤ کو جاری رکھا جانا چاہیے، جبکہ کچھ مشیر سفارتی معاہدے کے ذریعے تنازع حل کرنے کے حامی ہیں، اگرچہ ایسے معاہدے کے امکانات انتہائی کم سمجھے جا رہے ہیں۔
ٹرمپ نے فاکس نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں بھی اشارہ دیا کہ وہ ایران کے خلاف حملے کا فیصلہ نئے سال کے بعد کرنے کو ترجیح دے سکتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اس تاخیر کی ایک وجہ امریکا میں سیاسی تبدیلیاں بھی ہو سکتی ہیں، کیونکہ جنوری کے آغاز میں کانگریس کے دونوں ایوانوں کا کنٹرول ڈیموکریٹس کے پاس جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
بعض امریکی مشیروں نے اس بات پر شکوک کا اظہار کیا ہے کہ چند روز کی فوجی کارروائی سے ایرانی حکومت کا خاتمہ ممکن ہو گا یا نہیں۔ امریکی حکام کو یہ خدشہ بھی ہے کہ نیتن یاہو کے حملے کے مطالبے کے پیچھے ان کے داخلی سیاسی مفادات کارفرما ہو سکتے ہیں، کیونکہ ان کی حکومت اس وقت پارلیمانی اکثریت سے محروم ہے۔ واشنگٹن میں بعض حلقوں کا خیال ہے کہ ایران کے ساتھ نئی کشیدگی اسرائیل میں اپوزیشن رہنما گادی آئزن کوٹ کے دھڑے کو متاثر کر کے قومی اتحاد کی حکومت بنانے میں مدد دے سکتی ہے۔
دوسری جانب ایران امریکی معاشی ناکہ بندی کو چیلنج کرنے کی تیاری کر رہا ہے اور اس مقصد کے لیے بڑی تعداد میں تیل بردار جہاز آبنائے ہرمز سے گزارنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اگر ایران اس کوشش میں کامیاب ہو گیا تو امریکی ناکہ بندی کی افادیت متاثر ہو سکتی ہے، جبکہ امریکی مزاحمت کے نتیجے میں فوجی تصادم کا خطرہ بھی پیدا ہو سکتا ہے۔ خلیجی خطے میں بحرین اور سعودی عرب سے متعلق حملوں اور بڑھتی ہوئی کشیدگی نے بھی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔
اب تک کی کہانی نیتن یاہو
- اسرائیلی فوجی انٹیلی جنس کی نیتن یاہو کو ایران پر یکطرفہ حملے سے خبردار کر دیا
- اسرائیل میں عرب قانون سازوں کو جان سے مارنے کی دھمکیاں، سیاسی کشیدگی عروج پر
- نیتن یاہو کا ایران کے خلاف نئے حملوں کے لیے امریکہ پر دباؤ، موساد سربراہ کا واشنگٹن دورہ
- اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے موساد کو ایران میں خفیہ کارروائی کی ہدایت دی، فوجی قیادت کو تحفظات










