اسرائیلی فوجی انٹیلی جنس کی نیتن یاہو کو ایران پر یکطرفہ حملے سے خبردار کر دیا
اسرائیلی فوجی انٹیلی جنس نے وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کو آگاہ کیا ہے کہ ایران پر یکطرفہ فوجی کارروائی خطے کے متعدد محاذوں پر جنگ کا سبب بن سکتی ہے، جبکہ نیتن یاہو مبینہ طور پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر فوری کارروائی کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
اسرائیلی فوجی انٹیلی جنس نے وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کو خبردار کیا ہے کہ ایران کے خلاف یکطرفہ فوجی کارروائی صرف دونوں ممالک کے درمیان محدود تصادم تک محدود نہیں رہے گی بلکہ لبنان، شام اور غزہ سمیت کئی محاذوں پر جنگ چھڑ سکتی ہے۔ اسرائیلی ٹی وی چینل 12 کی رپورٹ کے مطابق فوجی انٹیلی جنس کے اعلیٰ حکام نے گزشتہ ہفتے ایک بند کمرے کے اجلاس میں نیتن یاہو اور سینئر دفاعی حکام کو ممکنہ کارروائی کے سنگین نتائج سے آگاہ کیا۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوجی حکام کا یہ انتباہ وزیراعظم نیتن یاہو اور موساد کے سربراہ رومن گوفمین کے اس مبینہ اندازے سے مختلف ہے کہ ایران کے خلاف فوجی آپریشن تین سے پانچ روز میں مکمل کیا جا سکتا ہے۔ اسرائیلی فوج نے چینل 12 کو بند کمرے کے اجلاس کی تفصیلات پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
ادھر اسرائیلی سرکاری نشریاتی ادارے کان نے ایک نامعلوم ذریعے کے حوالے سے بتایا ہے کہ نیتن یاہو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر زور دے رہے ہیں کہ ایران کے خلاف جلد از جلد فوجی کارروائی کی جائے۔ رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے ابھی اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا اور وہ نئی فوجی کارروائی کے معاملے میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
اسرائیلی اپوزیشن رہنما آویگدور لائبرمین نے بھی حال ہی میں ایران پر حملے کی مخالفت کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ نیتن یاہو امریکی حمایت اور اجازت کے بغیر یکطرفہ فوجی کارروائی کا فیصلہ کر سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں ایران پر حملے کا کوئی جواز نہیں اور اگر وزیراعظم ایسا فیصلہ کرتے ہیں تو اس کے پیچھے مکمل طور پر سیاسی محرکات ہوں گے۔
واضح رہے کہ اسرائیل اور ایران کے درمیان دوبارہ فوجی تصادم کے خدشات کے تناظر میں اسرائیلی سیاسی اور دفاعی قیادت کے درمیان ممکنہ حملے کے وقت، طریقہ کار اور اس کے علاقائی اثرات پر بحث جاری ہے۔
خطے میں کشیدگی میں اضافے کے امکانات کے پیش نظر بین الاقوامی مبصرین بھی صورت حال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، کیونکہ کسی بھی بڑی فوجی کارروائی کے اثرات توانائی کی منڈیوں اور عالمی معیشت تک پہنچ سکتے ہیں۔
اب تک کی کہانی موساد
- نیتن یاہو کا ایران کے خلاف نئے حملوں کے لیے امریکہ پر دباؤ، موساد سربراہ کا واشنگٹن دورہ
- ٹرمپ کا ایران پر حملے کا فیصلہ نئے سال تک مؤخر کرنے کا اشارہ
- ٹرمپ کی ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کے منصوبوں پر غور شروع
- اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے موساد کو ایران میں خفیہ کارروائی کی ہدایت دی، فوجی قیادت کو تحفظات








