حافظ آباد: سابق وفاقی وزیر کے قتل کے تین ملزمان خیبرپختونخوا سے گرفتار، گاڑیاں اور اسلحہ برآمد
پولیس نے حافظ آباد میں سابق وفاقی وزیر چوہدری لیاقت عباس بھٹی کے قتل کے تین ملزمان کو خیبرپختونخوا سے گرفتار کر لیا ہے، جن سے دو گاڑیاں اور اسلحہ برآمد ہوا ہے۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
حافظ آباد میں سابق وفاقی وزیر چوہدری لیاقت عباس بھٹی کے قتل کے معاملے میں پولیس نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے تین ملزمان کو خیبرپختونخوا سے گرفتار کر لیا ہے۔ آر پی او گوجرانوالہ خرم شہزاد حیدر کے مطابق جدید ٹیکنالوجی اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگایا گیا، اور گرفتار شدہ افراد سے واردات میں استعمال ہونے والی دو گاڑیاں اور اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔
آر پی او گوجرانوالہ کے مطابق تینوں گرفتار ملزمان ریکارڈ یافتہ اور اشتہاری قرار دیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ قتل کیس میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کے چھاپے جاری ہیں اور کسی ملزم کو رعایت نہیں دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ تفتیش کی بدولت ملزمان تک رسائی ممکن ہوئی اور دیگر مطلوب افراد بھی جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔
واضح رہے کہ حافظ آباد میں رہائش پذیر سابق وفاقی وزیر کو 18 اور 19 نومبر کی درمیانی شب ڈکیتی کے دوران گلا دبا کر قتل کر دیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق مقتول کے محافظ ہی مبینہ قاتل تھے۔ اس سلسلے میں چار نامزد ملزمان سمیت گیارہ افراد کے خلاف قتل اور ڈکیتی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے، جو مقتول کے بھتیجے اور رکن پنجاب اسمبلی ضمیر الحسن بھٹی کی مدعیت میں درج ہوا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے لیاقت عباس بھٹی کو رسیوں سے باندھ کر گلا دبا کر قتل کیا اور اس کے بعد گھر سے بیس لاکھ روپے نقدی، پچاس تولے سونے کے زیورات، اے ٹی ایم کارڈ اور قیمتی دستاویزات لے کر فرار ہو گئے۔ مقدمے میں ضلع صوابی سے تعلق رکھنے والے زاہد علی، فرحان علی اور دیگر افراد کو نامزد کیا گیا ہے، جبکہ ملزمان مبینہ طور پر مقتول کی پراڈو، لینڈ کروزر اور ویگو ڈالا گاڑیاں بھی اپنے ساتھ لے گئے۔
یاد رہے کہ لیاقت عباس بھٹی مسلم لیگ (ق) کے دور حکومت میں وفاقی وزیر رہ چکے تھے اور دو مرتبہ رکن قومی اسمبلی جبکہ ایک مرتبہ رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ وہ سابق ارکان قومی اسمبلی مہدی حسن بھٹی کے بھائی اور شوکت علی بھٹی کے چچا تھے، اسی طرح پی ٹی آئی کی رکن قومی اسمبلی انیقہ مہدی حسن اور رکن صوبائی اسمبلی ضمیر الحسن بھٹی کے بھی چچا تھے۔
اب تک کی کہانی حافظ آباد
- سابق وفاقی وزیر لیاقت عباس بھٹی کے قتل کا مقدمہ درج، محافظ بھی ملزم
- پنجاب میں فصلوں کی باقیات جلانے کے خلاف کارروائیاں تیز، 679 واقعات رپورٹ










