around.pk
Friday, 20 November 2026
☀ کراچی 22°☀ لاہور 17°☀ اسلام آباد 15°
پاکستان

سابق وفاقی وزیر لیاقت عباس بھٹی کے قتل کا مقدمہ درج، محافظ بھی ملزم

سابق وفاقی وزیر لیاقت عباس بھٹی کے قتل کے معاملے میں پولیس نے ان کے محافظوں سمیت 11 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ مقدمہ مقتول کے بھتیجے اور رکن پنجاب اسمبلی ضمیر الحسن بھٹی کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

around.pk·2h ago

حافظ آباد: سابق وفاقی وزیر لیاقت عباس بھٹی کے قتل کے معاملے میں پولیس نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے ان کے محافظوں سمیت 11 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق مقدمہ مقتول کے بھتیجے اور رکن پنجاب اسمبلی ضمیر الحسن بھٹی کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، جس میں چار نامزد ملزمان سمیت کل 11 افراد کو شامل کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے لیاقت عباس بھٹی کو رسیوں سے باندھ کر گلا دبا کر قتل کیا اور بعد ازاں گھر سے 20 لاکھ روپے نقدی، 50 تولے طلائی زیورات، اے ٹی ایم کارڈ اور قیمتی دستاویزات لے کر فرار ہو گئے۔ ملزمان مبینہ طور پر مقتول کی پراڈو، لینڈ کروزر اور ویگو ڈالا گاڑیاں بھی اپنے ساتھ لے گئے۔ مقدمے میں زاہد علی اور فرحان علی سمیت دیگر ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے جن کا تعلق ضلع صوابی سے بتایا گیا ہے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) حافظ آباد فواد احمد کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے تحقیقات جاری ہیں۔

واضح رہے کہ لیاقت عباس بھٹی مسلم لیگ (ق) کے دور حکومت میں وفاقی وزیر رہ چکے تھے۔ وہ دو مرتبہ رکن قومی اسمبلی اور ایک مرتبہ رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ وہ سابق ارکان قومی اسمبلی مہدی حسن بھٹی کے بھائی اور شوکت علی بھٹی کے چچا تھے، جبکہ پی ٹی آئی کی رکن قومی اسمبلی انیقہ مہدی حسن اور ایم پی اے ضمیر الحسن بھٹی کے بھی چچا تھے۔

مقتول کی نماز جنازہ آج سہ پہر 3 بجے ان کے آبائی گاؤں برجدارا میں ادا کی جائے گی۔

اب تک کی کہانی صوابی

  1. صوابی میں پولیس وین پر فائرنگ، چوکی انچارج سمیت دو اہلکار شہید
  2. خیبر پختونخوا میں بارش اور برفباری سے سردی میں غیر معمولی اضافہ، چترال میں لکڑی اور گیس کی قلت
پوری ٹائم لائن دیکھیں →
عدالت اور انصافپنجابپنجاب اسمبلیصوابیحافظ آبادلیاقت عباس بھٹیمسلم لیگ (ق)ضمیر الحسن بھٹی

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں