کراچی میں این سی سی آئی اے کی بڑی کارروائی، امریکی بزرگ شہریوں سے فراڈ کرنے والا نیٹ ورک بے نقاب
نیشنل سائبرکرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے امریکی بزرگ شہریوں کو میڈیکل آلات اور ہیلتھ انشورنس کے نام پر دھوکہ دینے والے بین الاقوامی کال سینٹر کے پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا، جن کے قبضے سے 15 کروڑ روپے نقد اور 4 گاڑیاں برآمد ہوئیں۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
نیشنل سائبرکرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے کراچی میں ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایسے بین الاقوامی فراڈ کال سینٹر کے گٹھ جوڑ کو بے نقاب کیا ہے جو امریکا میں بزرگ شہریوں کو میڈیکل آلات اور ہیلتھ انشورنس کے نام پر دھوکہ دیتا تھا۔ اس کارروائی میں پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق این سی سی آئی اے کے ایکشن میں گرفتار ہونے والے پانچ افراد میں سے دو کراچی کی معروف درسگاہ سے فارغ التحصیل ہیں۔ این سی سی آئی اے کراچی کے ایڈیشنل ڈائریکٹر شہزاد اکبر نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ملزمان 2020 سے 2025 کے دوران کراچی کے مختلف دفاتر سے مبینہ طور پر یہ بین الاقوامی فراڈ نیٹ ورک چلا رہے تھے، جس کے لیے گلوبل ریسورس گروپ، فینکس مارکیٹنگ سلوشن اور دی کال سلوشن کے نام استعمال کیے گئے۔
تحقیقات کے مطابق ملزمان امریکا میں بزرگ شہریوں کو فون کرکے ڈوریبل میڈیکل ایکوپمنٹ (ڈی ایم ای) کی سہولت، انشورنس کوریج اور فوائد کے بارے میں غلط معلومات فراہم کرتے تھے۔ اس طریقے سے وہ شہریوں کی ذاتی اور طبی معلومات حاصل کرتے اور پھر یہ معلومات امریکی میڈیکل بلنگ پارٹنر کو فراہم کرتے، جہاں میڈیکیئر، ہیومانا اور یونائیٹڈ ہیلتھ کیئر سمیت امریکی ہیلث انشورنس اداروں کے خلاف مبینہ طور پر غیرقانونی بلنگ کلیمز جمع کرائے جاتے تھے۔ بلنگ پارٹنر اپنا کمیشن اور اخراجات نکالنے کے بعد باقی رقم ملزمان میں تقسیم کرتا تھا۔
کارروائی کے دوران 15 کروڑ روپے نقد، 6 کروڑ روپے مالیت کی ڈیجیٹل کرنسی اور 4 مہنگی گاڑیاں برآمد کی گئیں، جبکہ 11 ڈیجیٹل ڈیوائسز بھی تحویل میں لی گئیں۔ برآمد شدہ بھاری رقم ملزمان نے چرچ کے احاطے میں پارک گاڑی کے اندر چھپا رکھی تھی۔ گرفتار ملزمان میں بلال احمد، اسد علی عباسی، طلحہ یونس، ملک ریاض عرف شیزی اور عبدالوحید شامل ہیں، جبکہ مقدمے میں پانچ دیگر نامزد ملزمان ہیں جن میں ایک بینک برانچ مینیجر مفرور ہے۔
شہزاد اکبر کے مطابق برآمد شدہ گاڑیوں میں ٹویوٹا فورچیونر، ٹویوٹا ریوو، ایم جی اور کیا سونک شامل ہیں جن کی مجموعی مالیت تقریباً 4 کروڑ 80 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔ اس کے علاوہ بائنانس اکاؤنٹ میں موجود 223 ہزار 309 امریکی ڈالر سے زائد کی ڈیجیٹل کرنسی کی نشاندہی کی گئی ہے اور اس کی فریزنگ کے لیے ایکسچینج سے درخواست کی گئی ہے۔ ملزمان کے قبضے سے 11 موبائل فونز، ٹیبلٹس، لیپ ٹاپس، پاسپورٹ اور فرضی کمپنیوں کے بینک ریکارڈ بھی تحویل میں لیے گئے۔
تحقیقات کے مطابق فراڈ سے حاصل ہونے والی رقم غیرقانونی حوالہ ہنڈی اور مرچنٹ سہولتوں کے ذریعے پاکستان منتقل کی جاتی تھی، جہاں فرضی کمپنیوں اور کاروباری اداروں کے بینک اکاؤنٹس کے ذریعے رقم وصول کی جاتی۔ این سی سی آئی اے نے ایسے 23 اکاؤنٹس کی نشاندہی کی ہے جو زیادہ تر سندھی مسلم کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی برانچ میں کھولے گئے تھے اور جن کے لیے مبینہ طور پر مناسب تصدیق کے بغیر کے وائی سی کلیئرنس دی گئی۔ ان اکاؤنٹس کے ذریعے تقریباً 12 کروڑ روپے کی رقم مختصر عرصے میں جمع اور منتقل کی گئی، جبکہ غیرقانونی رقم سے جائیداد، دیگر اثاثے اور ڈیجیٹل سرمایہ بھی خریدا گیا۔ مزید گرفتاریوں کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
اب تک کی کہانی نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی
- کراچی میں سائبر فراڈ گینگ گرفتار، 15 کروڑ روپے نقد برآمد
- اسلام آباد ہائی کورٹ کا بچوں کے سوشل میڈیا استعمال اور آن لائن ہراسانی پر وفاقی حکومت سے تفصیلی رپورٹ طلب
- بین الاقوامی ایجنسیوں کو مطلوب مبینہ ہیکر دانش پرویز عرف ٹیٹو مین کی خودکشی کی کوشش، حالت نازک
- این سی سی آئی اے کی کارروائیاں: آن لائن جوا نیٹ ورک بے نقاب، 5 گرفتار











