around.pk
Wednesday, 25 November 2026
☀ کراچی 22°☀ لاہور 16°☀ اسلام آباد 13°
دنیا

امریکی صدر ٹرمپ کا چین، بھارت اور دیگر 14 معیشتوں پر 20 فیصد محصولات عائد کرنے کا منصوبہ

ٹرمپ انتظامیہ نے چین، بھارت، یورپی یونین سمیت 14 بڑی معیشتوں سے درآمدات پر 20 فیصد تک نئے محصولات کی تجویز پیش کی ہے، جس کا مقصد مبینہ اضافی صنعتی پیداوار کے خلاف اقدام کرنا ہے۔ یہ محصولات 2027 سے پہلے نافذ ہونے کا امکان نہیں۔

around.pk·just now

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے چین، بھارت اور یورپی یونین سمیت 14 بڑی معیشتوں سے ہونے والی درآمدات پر بیس فیصد تک نئے محصولات عائد کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ تجویز مبینہ اضافی صنعتی پیداوار کے خلاف کئی ماہ تک جاری رہنے والی تحقیقات کے بعد سامنے آئی ہے۔

امریکی حکام کا الزام ہے کہ مذکورہ معیشتیں طلب اور منڈی کے اصولوں سے ہٹ کر اپنی پیداواری صلاحیت بڑھا رہی ہیں، جس کے سبب امریکی تجارت اور صنعت کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ مجوزہ محصولات کی زد میں چین، بھارت، یورپی یونین، بنگلہ دیش، کمبوڈیا، انڈونیشیا، جاپان، جنوبی کوریا، ملائیشیا، سنگاپور، سوئٹزرلینڈ، تائیوان، تھائی لینڈ اور ویتنام شامل ہیں۔

امریکی حکام کے مطابق ان چودہ معیشتوں میں چین پر سب سے زیادہ یعنی بیس فیصد اضافی ڈیوٹی کی تجویز دی گئی ہے۔ تاہم یہ محصولات فوری طور پر نافذ نہیں ہوں گے، بلکہ تجویز پر عوامی آرا اور اعتراضات طلب کیے جائیں گے، جس کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

حکام نے بتایا کہ درآمدی ٹیکس جنوری 2027 سے پہلے نافذ ہونے کا امکان نہیں، کیونکہ یہ نئے محصولات موجودہ تجارتی معاہدوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مرتب کیے گئے ہیں۔ بعض اشیا پر پہلے سے عائد شعبہ جاتی ڈیوٹیز کے ساتھ یہ محصولات جمع نہیں ہوں گے، بلکہ متعلقہ صورت میں زیادہ شرح ہی لاگو ہوگی۔

اس کے علاوہ امریکی تجارتی نمائندے کے دفتر نے برازیل سے آنے والی بعض اشیا، بشمول طیاروں، پر الگ سے اضافی محصولات کی تجویز بھی پیش کی ہے۔ واضح رہے کہ یہ فی الحال صرف تجویز کی صورت میں ہے اور اس پر حتمی فیصلہ مشاورتی عمل مکمل ہونے کے بعد متوقع ہے۔

اب تک کی کہانی یورپی یونین

  1. یورپی یونین کا روس کے خلاف نئی پابندیوں کا اعلان، 50 بینک اور 113 افراد فہرست میں شامل
  2. غزہ میں سیلاب کی تباہی، یورپی یونین کا اسرائیل سے امداد کی بلا روک ٹوک فراہمی کا مطالبہ
  3. جی ایس پی پلس اسٹیٹس کو خطرات لاحق، انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں باعث تشویش
  4. وزیراعظم شہباز شریف کی یورپی یونین کی قیادت سے ملاقات، تجارت اور جی ایس پی پلس پر بات چیت
پوری ٹائم لائن دیکھیں →

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں