around.pk
Sunday, 15 November 2026
☀ کراچی 22°☀ لاہور 17°☀ اسلام آباد 14°
دنیا

امریکا کی یورپ کے دفاعی نظام میں روس کو شامل کرنے کی تجویز، یورپی ممالک میں تحفظات

ابوظبی میں امریکا، روس اور یوکرین کے مذاکرات میں یورپ کے مستقبل کے دفاعی ڈھانچے پر بات چیت ہوئی، امریکا نے روس کو بھی شامل کرنے کی تجویز دی جس پر کئی یورپی ممالک نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

around.pk·10m ago

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے یوکرین جنگ کے بعد یورپ کے لیے نئے دفاعی اور سلامتی ڈھانچے میں روس کو بھی شامل کرنے کی تجویز پیش کی ہے، جس پر متعدد یورپی ممالک نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ فرانسیسی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ابوظبی میں امریکا، روس اور یوکرین کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں یورپ کے مستقبل کے دفاعی نظام پر بھی بات چیت کی گئی۔

روسی مذاکراتی وفد نے امریکی تجویز کو ماسکو کے لیے مثبت پیش رفت قرار دیا، جبکہ روسی وزارت خارجہ نے بھی یورپی ممالک کو نئے دفاعی معاہدوں کی پیشکش کی۔ تاہم اس حوالے سے کوئی حتمی اتفاق رائے سامنے نہیں آیا اور معاملہ ابھی زیر بحث ہے۔

یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کایا کالاس نے امریکی تجویز پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یورپ کا اپنا سلامتی نظام پہلے سے موجود ہے اور اصل مسئلہ روس کا بین الاقوامی معاہدوں کی پابندی نہ کرنا ہے۔ جرمنی نے بھی ماسکو پر زور دیا ہے کہ وہ ماضی میں کیے گئے معاہدوں اور اپنی عالمی ذمہ داریوں کا احترام کرے۔

دوسری جانب 13 نومبر کو ڈبلن میں تقریباً 40 یورپی ممالک کے رہنماؤں نے واضح کیا کہ یورپ کی سلامتی اور مستقبل سے متعلق فیصلے یورپی ممالک کو اعتماد میں لیے بغیر نہیں کیے جا سکتے۔ یورپی ممالک کا مؤقف ہے کہ وہ روس کے ساتھ مذاکرات کے مخالف نہیں، تاہم کسی بھی نئے دفاعی انتظام میں یورپ کے تحفظات، یوکرین کی خودمختاری اور نیٹو کے اجتماعی دفاعی نظام کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

ادھر یوکرینی صدر ولودومیر زیلنسکی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ماسکو وسیع تر سلامتی مذاکرات کو استعمال کرتے ہوئے یوکرین کے مستقبل سے جڑے بنیادی معاملات کو پس منظر میں دھکیل سکتا ہے۔ واضح رہے کہ یورپ کے نئے دفاعی ڈھانچے پر بات چیت کا سلسلہ جاری ہے اور ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔

اب تک کی کہانی وولودیمیر زیلنسکی

  1. پیوٹن کا یوکرین جنگ کے حوالے سے سخت مؤقف برقرار، غیر ملکی امن فوج کی تعیناتی مسترد
  2. اسپین کا یوکرین کے لیے 437 ملین یورو کے فوجی امدادی پیکج کا اعلان
پوری ٹائم لائن دیکھیں →

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں