around.pk
Saturday, 14 November 2026
☀ کراچی 23°☀ لاہور 18°⛅ اسلام آباد 14°
دنیا

آبنائے ہرمز میں کھاد بردار جہازوں کی رکاوٹ؛ اقوام متحدہ کا عالمی غذائی بحران سے خبردار

اقوام متحدہ نے ایران اور امریکا پر زور دیا ہے کہ آبنائے ہرمز سے کھاد بردار جہازوں کی ترسیل فوری بحال کی جائے، ورنہ اربوں افراد غذائی عدم تحفظ اور غربت کا شکار ہو سکتے ہیں۔

around.pk·2h ago

اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں کھاد بردار جہازوں کی آمدورفت میں رکاوٹ عالمی سطح پر کھاد کی قلت کو ہوا دے رہی ہے، جس کے نتیجے میں دنیا بھر میں کروڑوں افراد غذائی عدم تحفظ اور غربت کا شکار ہو سکتے ہیں۔ اقوام متحدہ نے ایران اور امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ وسیع تر مذاکرات کے ساتھ ساتھ اس آبنائے سے کھاد کی ترسیل کو بھی یقینی بنایا جائے۔

اقوام متحدہ کے دفتر برائے پراجیکٹ سروسز (UNOPS) کے سربراہ جارج موریرا دا سلوا نے ترکیہ کے شہر انطالیہ میں منعقدہ اقوام متحدہ کی موسمیاتی کانفرنس کوپ 31 کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور امریکا کو اپنے مذاکرات جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ کھاد کی ترسیل کے لیے فوری عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔ انھوں نے تجویز دی کہ روزانہ کم از کم پانچ کھاد بردار جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دی جائے تاکہ عالمی منڈی میں کھاد کی فراہمی بحال ہو سکے۔

انھوں نے بتایا کہ تنازع شروع ہونے سے قبل دنیا کی تقریباً ایک تہائی کھاد آبنائے ہرمز کے راستے منتقل ہوتی تھی، لیکن بحری آمدورفت میں رکاوٹوں کے سبب کھاد کی قیمتوں میں تقریباً 30 فیصد اضافہ ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس صورتحال کے اثرات خاص طور پر افریقی اور ایشیائی ممالک پر زیادہ مرتب ہو رہے ہیں، جن میں موزمبیق، کینیا، سوڈان، صومالیہ، نیپال، بنگلہ دیش اور سری لنکا شامل ہیں۔

اقوام متحدہ کے عہدیدار نے انتباہ کیا کہ اگر دنیا کے مختلف حصوں میں کاشتکاری کے موسم ضائع ہوتے رہے تو 4 کروڑ 50 لاکھ افراد شدید غذائی عدم تحفظ کا شکار ہو سکتے ہیں، جبکہ 3 کروڑ افراد غربت کی لپیٹ میں آ سکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سوڈان کے وزیر خزانہ نے انھیں بتایا کہ گزشتہ چھ ماہ میں ملک میں خوراک کی قیمتیں دگنی ہو چکی ہیں، جبکہ نیپال میں کسانوں کے لیے کھاد خریدنا مشکل ہو گیا ہے۔

جارج موریرا دا سلوا نے بتایا کہ اقوام متحدہ نے کھاد کی محفوظ ترسیل کے لیے ایک طریقہ کار تیار کر لیا ہے، جسے ایران اور امریکا کے درمیان اتفاق رائے کے بعد سات سے دس روز میں فعال کیا جا سکتا ہے۔ ان کے مطابق اس بحران سے نمٹنے کے لیے دونوں ممالک کی سیاسی رضامندی اور فوری تعاون ناگزیر ہے تاکہ عالمی غذائی تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

اب تک کی کہانی ایران امریکا کشیدگی

  1. ایران امریکا تنازع کے اثرات؛ خلیجی ممالک کو پاکستانی برآمدات میں 32 فیصد کمی
  2. ترک صدر اور ٹرمپ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، ایران کشیدگی اور یوکرین جنگ پر گفتگو
  3. ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی: قشم جزیرے پر میزائل حملوں کا دعویٰ، ٹرمپ کا ایرانیوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت
  4. قطر میں ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے بعد ایرانی وفد وطن واپس، معاہدے کا مسودہ تیار
پوری ٹائم لائن دیکھیں →

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں