کراچی: میر رضا قتل کیس میں سابق ایس ایچ او گلستانِ جوہر کامران قریشی برطرف
ایڈیشنل آئی جی کراچی رینج آزاد خان نے میر رضا قتل کیس کی انکوائری رپورٹ کی روشنی میں سابق ایس ایچ او گلستانِ جوہر سب انسپکٹر کامران قریشی کو فرائض میں غفلت پر ملازمت سے برطرف کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
کراچی میں گلستانِ جوہر کے علاقے سے ایک نوجوان کی لاش ملنے کے معاملے میں پولیس نے محکمانہ کارروائی مکمل کرتے ہوئے سابق ایس ایچ او کو ملازمت سے برطرف کر دیا ہے۔ ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس کراچی رینج آزاد خان نے انکوائری رپورٹ اور محکمانہ کارروائی کی روشنی میں برطرفی کے حتمی احکامات جاری کیے۔ یہ کارروائی انکوائری کمیشن کی جانب سے مرتب کردہ حقائق اور سفارشات کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی ہے۔
محکمانہ حکم نامے کے مطابق سب انسپکٹر کامران قریشی اس وقت تھانہ گلستانِ جوہر ضلع شرقی میں ایس ایچ او تعینات تھے۔ ان پر الزام تھا کہ گلستانِ جوہر بلاک ون میں شادی قلعہ گراؤنڈ کے قریب جھاڑیوں سے 25 سالہ میر رضا علی ولد میر حسین کی دو روز پرانی گولی لگی لاش ملنے کے واقعے میں انہوں نے بطور ایس ایچ او اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کیں۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ جائے وقوعہ کو محفوظ بنانے کے لیے کرائم سین یونٹ کو طلب کرنا اور مقررہ ضابطہ کار کے مطابق شواہد جمع کرانا ایس ایچ او کی ذمہ داری تھی، تاہم انہوں نے ایسا نہیں کیا۔ اس غفلت کے باعث جائے وقوعہ پر بروقت کارروائی نہ ہو سکی اور فرانزک معائنے میں تاخیر کے ساتھ اہم شواہد ضائع ہونے کا خدشہ پیدا ہوا۔
واقعے کی محکمانہ انکوائری ایس ایس پی ضلع وسطی ڈاکٹر محمد عمران خان نے کی، جنہوں نے اپنی رپورٹ میں قرار دیا کہ ایس ایچ او نے جائے وقوعہ کو محفوظ بنانے اور متعلقہ کرائم سین یونٹ کو اطلاع دینے کے حوالے سے غفلت کا مظاہرہ کیا۔ انکوائری افسر نے کامران قریشی کے خلاف بڑی محکمانہ سزا دینے کی سفارش کی تھی۔
حکم نامے کے مطابق کامران قریشی کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا، تاہم انہوں نے تحریری جواب جمع نہیں کرایا۔ انہیں آرڈرلی روم میں ذاتی طور پر طلب کر کے موقف سننے کا موقع بھی دیا گیا، لیکن ان کی زبانی وضاحت غیر تسلی بخش قرار پائی۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی رینج نے انکوائری افسر کی سفارش سے اتفاق کرتے ہوئے سندھ پولیس ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن رولز 1988 کے تحت سب انسپکٹر کامران قریشی کو ملازمت سے برطرف کرنے کی بڑی محکمانہ سزا دے دی۔ حکم نامے میں تمام سرکاری سامان اور واجبات کا حساب مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
ترجمان کراچی پولیس کے اعلامیہ کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے میر رضا کیس سے متعلق انکوائری کمیشن کی تحقیقات اور سفارشات کی روشنی میں سابق ایس ایچ او گلستانِ جوہر کو غیر پیشہ ورانہ طرزِ عمل، فرائض کی انجام دہی میں غفلت اور غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے پر ملازمت سے برطرف کیا ہے۔ واضح رہے کہ اسی طرح کے ایک اور واقعے میں گڈاپ سٹی تھانے سے ملزم کے فرار ہونے پر تین پولیس اہلکاروں کو کوارٹر گارڈ کر دیا گیا ہے۔
اب تک کی کہانی کراچی
- جناح اسپتال کراچی میں اینڈوسکوپی یونٹ کے ڈاکٹروں کو خون آلود حفاظتی ایپرن استعمال کرنے پر مجبور کیے جانے کا انکشاف
- فلائی جناح کے بیڑے میں پہلا بالکل نیا ایئربس A320 نیو طیارہ شامل
- سونے اور چاندی کی قیمتوں میں نمایاں کمی، فی تولہ سونا 4 لاکھ 11 ہزار روپے پر آ گیا
- ایف بی آر کراچی کے افسران کی اہلیت کا امتحان: نتائج میں پیشہ ورانہ کمزوریاں نمایاں









