اسپیس ایکس کے اسٹار شپ بوسٹر کی واپسی کی کوشش ناکام، دھماکے کے بعد سمندر میں گر گیا
اسپیس ایکس نے اسٹار شپ کے سپر ہیوی بوسٹر کو لانچ ٹاور پر واپس اتارنے کی پہلی کوشش کی، تاہم بوسٹر خلیج میکسیکو کے اوپر دھماکے سے تباہ ہو کر سمندر میں گر گیا۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
ایلون مسک کی خلائی کمپنی اسپیس اکس کو اسٹار شپ راکٹ کی واپسی کے تاریخی مشن میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ کمپنی کے مطابق راکٹ کے پہلے مرحلے کا سپر ہیوی بوسٹر خلیج میکسیکو کے اوپر دھماکے سے پھٹ گیا اور اس کے بعد سمندر میں جا گرا۔
اسپیس اکس نے پہلی بار یہ کوشش کی تھی کہ اسٹار شپ کو خلا میں بھیجنے کے بعد مکمل طور پر واپس لایا جائے اور اسے اسی لانچنگ ٹاور پر اتارا جائے جہاں سے اسے روانہ کیا گیا تھا۔ کمپنی کے منصوبے کے مطابق راکٹ کے پہلے مرحلے کے بوسٹر کو مکینیکل بازوؤں کی مدد سے پکڑا جانا تھا، جنہیں ’چاپ اسٹکس‘ کا نام دیا گیا ہے۔
تاہم واپسی کے دوران بوسٹر کو ٹیکساس کے شہر بوکا چیکا میں واقع لانچنگ سائٹ کی جانب واپس لانے کے بجائے اس کا رخ تبدیل کر دیا گیا۔ بعد ازاں سپر ہیوی بوسٹر خلیج میکسیکو کے اوپر چند لمحوں تک فضا میں معلق رہا، جس کے بعد وہ زور دار دھماکے سے آگ کے گولے میں تبدیل ہو گیا اور سمندر میں جا گرا۔
اسپیس اکس کا مقصد اسٹار شپ کو مکمل طور پر دوبارہ قابلِ استعمال بنانا ہے تاکہ اسے بار بار خلائی پروازوں کے لیے استعمال کیا جا سکے اور مستقبل میں خلائی سفر کے اخراجات کو کم کیا جا سکے۔ کمپنی اس مقصد کے لیے مسلسل تجرباتی پروازیں کر رہی ہے اور ہر مشن سے حاصل ہونے والے اعداد و شمار کو اگلی پروازوں کی بہتری کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ اسپیس اکس کی جانب سے اسٹار شپ پروگرام کے تحت کی جانے والی آزمائشی پروازیں پہلے بھی مختلف مراحل میں ناکامی کا شکار ہوتی رہی ہیں، تاہم کمپنی ان تجربات کو سیکھنے کے عمل کا حصہ قرار دیتی ہے۔ ماہرین کے مطابق مکمل طور پر دوبارہ استعمال کے قابل راکٹ نظام کی تیاری میں اس طرح کی ناکامیاں عام ہیں اور ہر تجربہ ٹیکنالوجی کو بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے۔










