around.pk
Saturday, 14 November 2026
☀ کراچی 27°☀ لاہور 21°☀ اسلام آباد 18°
ٹیکنالوجی

انسٹاگرام کم عمر صارفین کی شناخت کے لیے میٹا کا اے آئی نظام عالمی سطح پر متعارف

میٹا نے انسٹاگرام پر کم عمر صارفین کی شناخت کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی نظام کو دنیا بھر میں وسعت دینے کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد بچوں اور نوجوانوں کو محفوظ ڈیجیٹل ماحول فراہم کرنا ہے۔

around.pk·2h ago

میٹا نے اعلان کیا ہے کہ انسٹاگرام پر مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی عمر کی شناخت کے نظام کو اب دنیا بھر میں وسعت دی جائے گی۔ اس نظام کا مقصد ایسے کم عمر صارفین کی نشاندہی کرنا ہے جو اپنے اکاؤنٹ میں عمر 18 سال یا اس سے زیادہ درج کر کے خود کو بالغ ظاہر کرتے ہیں، جبکہ حقیقت میں ان کی عمر اس سے کم ہوتی ہے۔

کمپنی کے مطابق یہ ٹیکنالوجی صرف صارف کی درج کردہ تاریخ پیدائش پر انحصار نہیں کرتی بلکہ دیگر معلومات کی مدد سے بھی حقیقی عمر کا اندازہ لگاتی ہے۔ یہ نظام ابتدائی طور پر اپریل 2025 میں متعارف کرایا گیا تھا اور اب اسے عالمی سطح پر نافذ کیا جا رہا ہے تاکہ عمر کے مطابق مواد کی فراہمی اور نوجوان صارفین کے تحفظ کو بہتر بنایا جا سکے۔

اگر اے آئی نظام کسی صارف کو کم عمر قرار دے تو اسے خودکار طور پر انسٹاگرام کے خصوصی ’ٹین اکاؤنٹ‘ میں منتقل کیا جا سکتا ہے۔ یہ اکاؤنٹس میٹا نے ستمبر 2024 میں 13 سے 17 سال کے نوجوانوں کے لیے متعارف کرائے تھے، جن میں عمر کے لحاظ سے حفاظتی پابندیاں شامل ہیں۔ ان پابندیوں کا مقصد نامناسب مواد تک رسائی کو محدود کرنا، غیر ضروری رابطوں کی حوصلہ شکنی کرنا اور ایپ کے استعمال کے وقت کو کنٹرول کرنا ہے۔

کمپنی کے مطابق عالمی توسیع کے ابتدائی مرحلے میں امریکا میں والدین کو انسٹاگرام فیڈ پر ایک خصوصی ویڈیو کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا کہ پلیٹ فارم نوعمر صارفین کی شناخت کیسے کرتا ہے اور ان کے لیے عمر کے مطابق حفاظتی اقدامات کیسے نافذ کیے جاتے ہیں۔

میٹا کا کہنا ہے کہ بچوں اور نوجوانوں کے لیے محفوظ ڈیجیٹل ماحول کی فراہمی اس کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے لیے مصنوعی ذہانت سمیت جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں اضافہ کیا جائے گا۔

یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دنیا بھر میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کم عمر صارفین کے تحفظ اور ان کی ذہنی صحت پر اثرات کے حوالے سے بحث جاری ہے۔ ماہرین کے مطابق عمر کی خودکار شناخت سے نہ صرف نوجوان صارفین کو نامناسب مواد سے بچانے میں مدد مل سکتی ہے بلکہ والدین کو بھی بچوں کے ڈیجیٹل استعمال پر بہتر نگرانی کا موقع ملے گا۔

اب تک کی کہانی انسٹاگرام

  1. مصنوعی ذہانت اب سوشل میڈیا معلومات سے انتہائی قابلِ یقین جعلی پیغامات تیار کر سکتی ہے
  2. میٹا نے صارفین کے مواد کو اے آئی کی تربیت کے لیے استعمال کرنے کا متنازع فیصلہ واپس لے لیا
  3. بھارتی فاسٹ بولر محمد شامی کا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
  4. رونالڈو کی بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ پر نیمار کا یک لفظی خراجِ تحسین
پوری ٹائم لائن دیکھیں →

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں