around.pk
Sunday, 15 November 2026
☀ کراچی 23°☀ لاہور 17°⛅ اسلام آباد 14°
پاکستان

فاروق ستار کا دعویٰ: نئے انتظامی یونٹس کا فارمولا آخری مرحلے میں، مارچ تک تشکیل ممکن

ڈاکٹر فاروق ستار نے کراچی میں ایک نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئے انتظامی یونٹس کا فارمولا آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور آئندہ مارچ تک نئے انتظامی یونٹس وجود میں آ سکتے ہیں۔

around.pk·25m ago

کراچی کے علاقے گلشنِ اقبال بلاک 10 میں گلشن ریزیڈنٹس کمیٹی کے زیرِ اہتمام ریحان سوسائٹی میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام کے حوالے سے ایک نشست منعقد ہوئی، جس سے خطاب کرتے ہوئے سینئر مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ نئے انتظامی یونٹس کے قیام کا فارمولا اب اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور آئندہ سال مارچ تک یہ یونٹس وجود میں آ سکتے ہیں۔ نشست میں سابق میئر کراچی وسیم اختر، خالد سلطان اور علاقے کی معزز شخصیات کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں اجارہ داری اور موروثی سیاست نے نظام کو مفلوج کر رکھا ہے اور ہر شعبے بشمول پانی کے منصوبوں میں محض تجربات کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ویتنام آج دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہو چکا ہے، جہاں برآمدات 15 ارب ڈالر سے بڑھ کر 400 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں، جبکہ پاکستان آج بھی محض 30 ارب ڈالر برآمدات اور 30 ارب ڈالر ترسیلاتِ زر کے ساتھ معاشی مشکلات اور قرضوں کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے یہ بھی کہا کہ صوبائی حکومت نے گزشتہ 14 سے 18 سالوں میں کراچی کو ایک قطرہ نیا پانی فراہم نہیں کیا اور کے فور منصوبہ آج بھی ادھورا پڑا ہے۔ ان کے مطابق 1988ء کے بعد کراچی کو ملنے والا 20 کروڑ گیلن اضافی پانی اسی دورِ حکومت میں ممکن ہوا تھا جب ان کی جماعت اقتدار میں تھی۔

انہوں نے واضح کیا کہ ملک اور صوبے کی ترقی صرف ڈسٹرکٹ اور ڈویژن کو انتظامی بنیادوں پر خود مختار کرنے اور نئے انتظامی یونٹس کے قیام سے ہی ممکن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس تجویز کو عوامی ریفرنڈم کے ذریعے بھرپور حمایت حاصل کرنی ہوگی تاکہ عوام کی طاقت کا مظاہرہ کیا جا سکے، کیونکہ ان کے بقول پاکستان کی ترقی اور بقا اسی فارمولے میں مضمر ہے۔

سندھ کے تمام شہریوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئے انتظامی یونٹس کے قیام سے نہ صرف کراچی بلکہ لاڑکانہ، دادو، ٹنڈو محمد آدم، نوابشاہ، سکھر اور حیدرآباد سمیت صوبے کے ہر ضلع کے باسیوں کو یکساں حقوق اور ترقی کے مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے موازنہ دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح ایک گھر میں بیٹے خود کفیل ہو جائیں تو ان کے چولہے اور کچن الگ ہو جاتے ہیں مگر ماں کے لیے سب اولاد برابر رہتی ہے، بالکل اسی طرح انتظامی یونٹس بننے سے پورا ملک اور صوبہ مضبوط ہوگا۔

اب تک کی کہانی روپیہ اور ڈالر

  1. سیالکوٹ ایئرپورٹ پر نو سال سے کھڑا لاوارث بوئنگ 767 طیارہ نیلام
  2. عالمی بینک کی پاکستان کو 30 کروڑ ڈالر قرض منظور، دیہی سندھ میں صاف پانی اور نکاسی آب کے منصوبے پر خرچ ہوں گے
  3. این ویڈیا کے بانی جینسن ہوانگ کی طلاق کی صورت میں اہلیہ کو 60 ارب ڈالر ملنے کا امکان
  4. سونے اور چاندی کی قیمتوں میں نمایاں کمی، فی تولہ سونا 4 لاکھ 11 ہزار روپے پر آ گیا
پوری ٹائم لائن دیکھیں →
کراچیسندھروپیہ اور ڈالرفاروق ستارگلشن اقبالکے فور منصوبہمتحدہ قومی موومنٹ

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں