اسلام آباد میں مکہ دفاعی معاہدے کے تحت پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا اہم اجلاس
مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے اعلیٰ سطحی سیاسی و عسکری وفود 27 اور 28 نومبر کو اسلام آباد میں دفاعی تعاون اور علاقائی سلامتی پر بات کریں گے، جبکہ پولیس نے وفود کی آمدورفت کے پیش نظر ٹریفک ایڈوائزری جاری کردی ہے۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تناظر میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان اہم مذاکرات 27 اور 28 نومبر کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقد ہوں گے۔ اس اجلاس میں تینوں ممالک کے اعلیٰ سطحی سیاسی اور عسکری وفود شرکت کریں گے اور دفاعی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان اور وزیر دفاع خالد بن سلمان جبکہ ترکیہ کی جانب سے وزیر خارجہ حاقان فیدان اور وزیر دفاع یاشار گولر اس اجلاس میں شرکت کریں گے۔ پاکستان کی نمائندگی نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور اعلیٰ عسکری حکام کریں گے۔
اجلاس کے ایجنڈے میں تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کے فروغ، علاقائی سلامتی کی موجودہ صورت حال، مشترکہ دفاعی حکمت عملی اور باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال شامل ہے۔ ان مذاکرات کو خطے میں امن و استحکام اور برادر ممالک کے درمیان دفاعی شراکت داری کے حوالے سے نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ اس سے قبل جمعرات کو تینوں ممالک کی کمیٹی کا اجلاس بھی ہوا جس میں اہم اجلاس کے لیے ایجنڈا طے کیا گیا۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ غیرملکی وفود کی آمدورفت کے پیش نظر ایکسپریس ہائی وے اور سری نگر ہائی وے پر مختلف مقامات پر مختلف اوقات میں ڈائیورشنز ہوں گے۔ سری نگر ہائی وے کی ٹریفک کو سہروردی روڈ، سروس روڈ جی ایٹ، سروس روڈ جی نائن، زیرو پوائنٹ اور فیض آباد کی جانب جانے کے لیے فیصل ایونیو جبکہ نائنتھ ایونیو کی ٹریفک کو سروس روڈ ایسٹ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
کورال سے اسلام آباد آنے والے شہریوں کو پرانا ائیرپورٹ، راول روڈ، راولپنڈی مری روڈ آئی جے پی سے فقیر ایپی روڈ، کورال ایکسپریس ہائی وے، مری روڈ اور کلب روڈ بند ہونے کی صورت میں لہتراڑ روڈ، پارک روڈ اور نیو ائیرپورٹ جبکہ پشاور روڈ جانے کے لیے جناح ایونیو اور مارگلہ روڈ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ بہارہ کہو سے آنے والے شہری بنی گالا، پارک روڈ اور ڈائیورشنز کے دوران سست روی کا سامنا کر سکتے ہیں۔
چیف ٹریفک آفیسر کائنات اظہر خان نے کہا کہ شہری سفری مشکلات سے بچنے کے لیے 20 سے 25 منٹ کا اضافی دورانیہ رکھ کر سفر کریں۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس کے افسران شہریوں کی سہولت کے لیے موجود ہیں اور مزید معلومات کے لیے ایف ایم 92.4 ٹیون کیا جا سکتا ہے یا اسلام آباد پولیس کے سوشل میڈیا صفحات فالو کیے جا سکتے ہیں۔
اب تک کی کہانی اسحاق ڈار
- پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر وزیراعظم اور امیر جماعت اسلامی کی اہم ملاقات آج متوقع
- مکہ دفاعی معاہدے کے تحت پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے اعلیٰ سطحی مذاکرات آج اسلام آباد میں شروع
- اسحاق ڈار اور ایاز صادق کی صدر زرداری سے ملاقات، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال
- اسحاق ڈار کی زیرصدارت اجلاس: 8 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کی سفارش










