around.pk
Friday, 27 November 2026
⛅ کراچی 26°☀ لاہور 20°☀ اسلام آباد 17°
کاروبار

آباد کا سندھ حکومت کو 72 گھنٹے کا الٹی میٹم: قانونی عمارتیں ڈی سیل نہ کی گئیں تو تعمیراتی کاروبار بند

ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) نے سندھ حکومت کو پیر تک کی مہلت دیتے ہوئے کہا ہے کہ قانونی بلڈرز کی سیل شدہ عمارتیں ڈی سیل نہ کی گئیں تو تعمیراتی کاروبار مکمل بند کر دیا جائے گا۔

around.pk·2h ago

کراچی میں تعمیراتی شعبے سے وابستہ تنظیم ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) نے سندھ حکومت کو 72 گھنٹے کا الٹی میٹم دیا ہے کہ قانونی بنیادوں پر تعمیر شدہ مگر سیل کی گئی عمارتوں کو پیر تک ڈی سیل نہ کیا گیا تو کاروبار مکمل طور پر بند کر کے احتجاجاً سڑکوں پر آ جائیں گے۔ آباد کے چیئرمین حنیف گوہر نے جمعہ کے روز آباد ہاؤس میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے کی وجہ سے لاکھوں افراد کے روزگار پر اثر پڑ سکتا ہے، تاہم اس کی ذمہ داری حکومت کی ہوگی۔

حنیف گوہر نے الزام عائد کیا کہ سندھ حکومت اپنی کوتاہیوں کو چھپانے کے لیے قواعد کے مطابق تعمیر کرنے والے بلڈرز کو نشانہ بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر قانونی بلڈرز کی عمارتیں ڈی سیل نہ کی گئیں تو تعمیراتی کاروبار بند کر دیا جائے گا اور بلڈرز مزدوروں کو فارغ کرنے پر مجبور ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ آباد کے تقریباً 150 ارکان کی قانونی عمارتیں اس وقت سیل کی گئی ہیں۔

چیئرمین آباد نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے افسران پر الزام لگایا کہ غیر قانونی تعمیرات ان کی موجودگی میں ہوتی رہیں اور فی فلور 25 سے 50 لاکھ روپے وصول کر کے آنکھیں بند رکھی گئیں۔ انہوں نے اس رقم کو بھتہ نہیں بلکہ ایکسٹارشن قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ غیر قانونی تعمیرات کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے جبکہ قواعد کے مطابق کاروبار کرنے والوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ایڈمن سوسائٹی میں دو روز قبل پیش آنے والا واقعہ اس لیے رونما ہوا کہ اس عمارت کی اجازت گراؤنڈ پلس ون کی تھی مگر اس کے برعکس کئی منزلیں تعمیر کی گئیں۔ ان کے مطابق اس واقعے کے بعد سندھ حکومت نے غیر قانونی عمارتوں کو سیل کرنے کا اسٹینڈنگ آرڈر جاری کیا، لیکن اس آرڈر کی آڑ میں آباد ارکان کی منظور شدہ عمارتیں بھی سیل کر دی گئیں اور دستاویزات دکھانے کے باوجود کسی نے توجہ نہ دی۔

حنیف گوہر نے کہا کہ لیاری اور گل بہار میں منہدم ہونے والی عمارتوں کا آباد کے ارکان سے کوئی تعلق نہیں تھا اور آباد صرف ان افراد کو پیشہ ور بلڈر تسلیم کرتا ہے جن کے پاس باقاعدہ بلڈنگ لائسنس موجود ہو۔ انہوں نے کہا کہ کچھ اسٹیٹ ایجنٹ خود کو بلڈر ظاہر کر کے غیر قانونی تعمیرات کر رہے ہیں، جبکہ متعلقہ ادارے بروقت کارروائی نہیں کرتے۔

انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے فوری نوٹس لینے اور بلاول بھٹو زرداری سے مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق کراچی کی 26 سڑکوں پر کمرشل سرگرمیوں کی اجازت دی جائے، کیونکہ آباد ارکان کی اربوں روپے مالیت کی جائیدادیں ان سڑکوں پر موجود ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ سرمایہ کاروں کا اعتماد متاثر ہونے سے ملک میں بے روزگاری میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

اب تک کی کہانی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی

  1. کراچی: ایڈمن سوسائٹی عمارت حادثے کیس میں چار ملزمان کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ، عدالت نے مالک اور ٹھیکیدار کی عدم نامزدگی پر سوال اٹھا دیے
  2. کراچی میں زیرِ تعمیر عمارت گرنے پر وزیراعلیٰ سندھ کا سخت ایکشن، ڈی جی ایس بی سی اے اور 16 افسران معطل
  3. کراچی: بلوچ کالونی میں عمارت منہدم ہونے کے بعد 12 غیرقانونی عمارتیں سیل
  4. کراچی میں غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ جاری، چھ ماہ میں 5 ہزار سے زائد عمارتیں تعمیر
پوری ٹائم لائن دیکھیں →
کراچیسندھشہباز شریفسندھ حکومتسندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹیایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد)حنیف گوہر

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں