around.pk
Friday, 27 November 2026
⛅ کراچی 24°☀ لاہور 17°☀ اسلام آباد 14°
کاروبار

ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کو 468 ملین ڈالر کے دو رعایتی قرضے منظور کر لیے

اے ڈی بی نے آبی وسائل اور زراعت کی بہتری کے لیے 468 ملین ڈالر کے دو رعایتی قرضوں کی منظوری دی ہے، جن سے خیبرپختونخوا اور پنجاب کے تقریباً ساڑھے سات لاکھ افراد مستفید ہوں گے۔

around.pk·15m ago

ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان میں آبی وسائل اور زرعی انتظام کو بہتر بنانے کے لیے مجموعی طور پر 468 ملین ڈالر کے دو رعایتی قرضوں کی منظوری دی ہے۔ ان منصوبوں کا مقصد موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھانا، دیہی روزگار کے مواقع میں اضافہ اور غذائی تحفظ کو مضبوط بنانا ہے۔ اے ڈی بی کے مطابق ان منصوبوں سے تقریباً سات لاکھ اٹھائیس ہزار افراد مستفید ہوں گے۔

پہلے منصوبے کے تحت خیبرپختونخوا میں 208 ملین ڈالر کی مالی معاونت سے ریزیلینٹ اریگیٹڈ ایگریکلچرل لائیولی ہڈز ڈیولپمنٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا۔ اس کا مقصد نوشہرہ، صوابی اور اپر چترال کے چھوٹے کاشت کاروں کی زرعی پیداوار اور آمدن میں اضافہ کرنا ہے۔ منصوبے کے تحت آبپاشی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا اور موسمیاتی و قدرتی آفات کا مقابلہ کرنے والے آبی ڈھانچے تعمیر اور بحال کیے جائیں گے۔

اسی منصوبے میں جدید زرعی ٹیکنالوجی کی ترویج، پانی کے بہتر استعمال اور کسانوں کی صلاحیت بڑھانے کے اقدامات شامل ہیں۔ خواتین کو روزگار سے متعلق تربیت بھی فراہم کی جائے گی اور آبی وسائل کے انتظام میں ان کے کردار کو اجاگر کیا جائے گا۔

دوسرا منصوبہ پنجاب کے پہاڑی علاقوں میں سیلابی ریلوں کے خطرات کم کرنے اور سیلابی پانی کو محفوظ بنانے کے لیے شروع کیا جائے گا، جس کے لیے اے ڈی بی نے 260 ملین ڈالر کے رعایتی قرض کی منظوری دی ہے۔ انٹیگریٹڈ ہل ٹورنٹ مینجمنٹ پراجیکٹ کے تحت پانی ذخیرہ کرنے، نکاسی آب اور سیلاب سے تحفظ کے لیے اہم بنیادی ڈھانچہ تعمیر کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ سیلابی پانی کو آبپاشی کے لیے استعمال کرنے، زیرزمین پانی کی سطح بہتر بنانے اور قدرتی ماحول کی بحالی کے لیے پائیدار زرعی طریقوں اور قدرتی حل کو فروغ دیا جائے گا۔

اے ڈی بی کی پاکستان میں کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے کہا کہ یہ منصوبے غذائی تحفظ کو مضبوط بنانے کے ساتھ بڑھتے ہوئے ماحولیاتی دباؤ اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ دیہی آبادی کی معاشی صلاحیت کو بروئے کار لانے کے لیے موسمیاتی خطرات کا مقابلہ کرنے والا آبی ڈھانچہ اور پائیدار زرعی طریقے نہایت ضروری ہیں۔

اے ڈی بی کے مطابق دونوں منصوبوں سے مقامی آبادی کو قدرتی آفات کے منفی اثرات سے محفوظ رکھنے، صوبائی سطح پر آفات سے نمٹنے کی تیاری بہتر بنانے، زرعی پیداوار بڑھانے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔ اس کے علاوہ زراعت، گھریلو استعمال اور ماحولیاتی بحالی کے لیے پانی کی قابل اعتماد فراہمی کو یقینی بنانے میں بھی مدد حاصل ہوگی۔

اب تک کی کہانی ایشیائی ترقیاتی بینک

  1. ایشیائی ترقیاتی بینک کا پاکستان کے لیے 25 کروڑ ڈالر کے قرض کی منظوری
  2. ایشیائی ترقیاتی بینک کا پاکستان کے لیے قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے 50 کروڑ ڈالر کی ہنگامی معاونت کی منظوری
پوری ٹائم لائن دیکھیں →

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں