around.pk
Friday, 27 November 2026
⛅ کراچی 23°☀ لاہور 15°☀ اسلام آباد 13°
کھیل

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی انتظامیہ نے فرنچائز کی فروخت کی خبروں کو مسترد کر دیا

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالکان ندیم عمر اور حسن عمر نے فرنچائز کی ممکنہ فروخت، مالی دباؤ اور خرابی صحت سے متعلق گردش کرنے والی افواہوں کو دوٹوک انداز میں مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم محفوظ ہاتھوں میں ہے اور لیگ کی کامیاب ترین فرنچائزز میں اپنی حیثیت برقرار رکھے ہوئے ہے۔

around.pk·15m ago

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی انتظامیہ نے فرنچائز کی ممکنہ فروخت سے متعلق گردش کرنے والی باتوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق حالیہ ایک انٹرویو میں مالکان سے منسوب بعض بیانات کو درست تناظر میں پیش نہیں کیا گیا، جس کی وجہ سے فرنچائز کی مالی صورتحال کے حوالے سے ایک غلط تاثر پیدا ہوا۔

انتظامیہ نے واضح کیا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ہمیشہ سے پاکستان سپر لیگ کی کامیاب اور منافع بخش فرنچائزز میں شامل رہی ہے۔ فرنچائز لیگ کے چوتھے سیزن سے مسلسل سالانہ منافع حاصل کر رہی ہے اور اپنے پہلے دس سال مکمل کرنے کے بعد بھی مالی اعتبار سے لیگ کی نمایاں فرنچائزز میں اپنی حیثیت برقرار رکھے ہوئے ہے۔

فرنچائز کے مالکان ندیم عمر اور حسن عمر نے کہا کہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ اب عالمی کرکٹ کا ایک اہم ستون بن چکی ہے اور دنیا بھر میں اس کے مداحوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔ لیگ نے اپنے سفر میں متعدد چیلنجز کا سامنا کیا، تاہم ہر مشکل کے بعد وہ مزید استحکام اور ترقی کے ساتھ آگے بڑھی۔ ان کے مطابق فرنچائزز کی جانب سے عالمی کرکٹ کے بہترین کھلاڑیوں کو براہِ راست سائن کرنا لیگ کے مضبوط نظام اور کامیاب ماحول کا واضح ثبوت ہے۔

مالکان نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز فیملی میں عالمی شہرت یافتہ فاسٹ بولر لوکی فرگوسن کی شمولیت کا خیرمقدم بھی کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سیزن 12 کی افتتاحی تقریب پشاور میں منعقد ہوگی، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل اب پاکستان کے ہر حصے تک پہنچ رہی ہے، اور یہ لیگ کے ان مداحوں کے لیے اظہارِ تشکر ہے جو پی ایس ایل کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں۔

مالکان نے کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ان کے لیے محض ایک کرکٹ فرنچائز نہیں بلکہ برسوں کی محنت، لگن اور محبت کا نتیجہ ہے، اور ٹیم کے ساتھ ان کی وابستگی اور جذبہ آج بھی پہلے سے زیادہ مضبوط ہے۔ انہوں نے مالی دباؤ اور خرابی صحت سے متعلق تمام افواہوں کو دوٹوک انداز میں مسترد کرتے ہوئے کہا کہ فرنچائز کی فروخت پر صرف اسی صورت میں غور کیا جائے گا جب ایسی پیشکش موصول ہو جسے مسترد کرنا ممکن نہ ہو۔

انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ، ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کی انتظامیہ، اپنے کمرشل پارٹنرز اور بالخصوص کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے پرجوش مداحوں کا مسلسل تعاون اور محبت پر شکریہ ادا کیا اور یقین دہانی کرائی کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ہمیشہ محفوظ ہاتھوں میں رہے گی۔

اب تک کی کہانی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز

  1. پی ایس ایل 12 کی ڈائریکٹ سائننگ مکمل، میتھیو شارٹ سب سے مہنگے کھلاڑی قرار پائے
  2. پی ایس ایل فرنچائزز کی بڑھتی قیمتیں اور فنانشل ماڈل کے چیلنجز
پوری ٹائم لائن دیکھیں →

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں