around.pk
Sunday, 29 November 2026
☀ کراچی 30°☀ لاہور 22°⛅ اسلام آباد 20°
کھیل

رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ کا فائنل آج دوحہ میں، پاکستان شاہینز ٹائٹل کے دفاع کے لیے میدان میں اتریں گے

پاکستان شاہینز آج دوحہ میں رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ کے فائنل میں سری لنکا اے کے خلاف اپنے ٹائٹل کا دفاع کریں گی؛ قومی ٹیم ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابل شکست ہے۔

around.pk·23m ago

رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ کا فائنل آج دوحہ میں پاکستان شاہینز اور سری لنکا اے کے درمیان کھیلا جائے گا، جہاں قومی ٹیم اپنے ٹائٹل کے دفاع کے لیے میدان میں اترے گی۔ عبدالصمد کی قیادت میں پاکستان شاہینز ٹورنامنٹ میں اب تک کوئی میچ نہیں ہاری اور ناقابل شکست رہتے ہوئے فیصلہ کن معرکے تک پہنچی ہے۔

سیمی فائنل میں پاکستان شاہینز نے بنگلہ دیش اے کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔ بنگلہ دیش اے نے پاکستان کو 233 رنز کا ہدف دیا تھا، جسے قومی ٹیم نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ ہدف کے تعاقب میں حسن نواز نے 62 رنز کی اننگز کھیلی اور شاہ زیب خان کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 110 رنز کی اہم شراکت قائم کی، جبکہ شاہ زیب خان نے بھی 50 رنز بنائے۔

بعد ازاں کپتان عبدالصمد نے 44 رنز اسکور کیے اور فرحان یوسف 46 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جنہوں نے ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ فرحان یوسف کے مطابق ناک آؤٹ میچ میں دباؤ کو سنبھالنا اور اہم شراکتیں قائم کرنا کامیابی کی بنیادی وجہ بنا۔ انہوں نے بتایا کہ وکٹیں گرنے کے بعد انہوں نے اور کپتان عبدالصمد نے میچ کو آخری مراحل تک لے جانے کا منصوبہ بنایا، جس پر عمل درآمد سے پاکستان کو فتح نصیب ہوئی۔

گروپ مرحلے میں پاکستان شاہینز نے متحدہ عرب امارات، بھارت اے اور نیپال کو شکست دے کر پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔ ٹورنامنٹ میں حسن نواز نے بیٹنگ کے ساتھ آف اسپن بولنگ میں بھی نمایاں کارکردگی دکھائی ہے، جبکہ سفیان مقیم، علی رضا اور محمد عمران بھی پاکستانی بولنگ اٹیک کے اہم کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔

دوسری جانب سری لنکا اے نے سیمی فائنل میں بھارت اے کے خلاف 318 رنز کا ہدف صرف دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، جس کے بعد فائنل میں دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلے کی توقع ہے۔ فرحان یوسف کے مطابق دوحہ میں موسم اور نرم آؤٹ فیلڈ کے باعث بولرز، خصوصاً اسپنرز کو مشکلات کا سامنا رہا، تاہم پاکستانی بولنگ یونٹ نے پورے ٹورنامنٹ میں محنت کا مظاہرہ کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان شاہینز رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ کے اب تک ہونے والے سات ایڈیشنز میں تین مرتبہ ٹائٹل جیت چکی ہے۔ گزشتہ ایڈیشن کے ٹی 20 فائنل میں پاکستان نے سپر اوور میں بنگلہ دیش اے کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کی تھی۔

اب تک کی کہانی عبدالصمد

  1. پشاور پولیس کی کارروائی: دو مبینہ اسٹریٹ کرمنل ہلاک، ایک زخمی گرفتار
  2. ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز: پاکستانی کپتان نے ریفری کی غلطی پکڑ لی، ٹاس پاکستان کے نام
پوری ٹائم لائن دیکھیں →

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں