کراچی میں ریلی کے باعث اہم شاہراہیں کنٹینرز سے بند، متبادل راستوں کا اعلان
ٹریفک پولیس کے مطابق ریڈ زون اور کئی اہم سڑکیں سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر بند رہیں، تاہم شاہراہ فیصل، لیاری ایکسپریس وے اور نیشنل ہائی وے کھلی رکھی گئیں۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
کراچی میں ایک سیاسی جماعت کی ریلی کے پیش نظر شہر کے مختلف حصوں میں سیکیورٹی انتظامات سخت کر دیے گئے اور پولیس نے ریڈ زون سمیت متعدد اہم مقامات کے اطراف شاہراہوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا۔ تاہم لیاری ایکسپریس وے، نیشنل ہائی وے اور سپر ہائی وے ٹریفک کے لیے کھلی رکھی گئیں تاکہ شہریوں کو زیادہ پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ٹریفک پولیس کے ترجمان کے مطابق ریلی شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی فوارہ چوک عبداللہ ہارون روڈ پر پہنچی، جس کے باعث پی آئی ڈی سی چوک، عبداللہ ہارون روڈ اور ملحقہ سڑکوں پر ٹریفک کا معمولی دباؤ رہا۔ پولیس نے ریڈ زون میں بڑی تعداد میں کنٹینرز پہنچائے اور گورنر ہاؤس سے میٹروپول تک اور شاہراہ فیصل پر ایف ٹی سی کے مقام پر راستے بند کر دیے گئے۔
اسی طرح فوارہ چوک کی جانب تھانہ گلی آنے جانے والے دونوں اطراف ایوان صدر روڈ اور دین محمد وفائی روڈ کو ٹریفک کے لیے بند رکھا گیا۔ ملیر ندی برج کی جانب شہر میں داخلے کا نیشنل ہائی وے روڈ سیکیورٹی کی وجہ سے بند کیا گیا اور ٹریفک کو قائد آباد چوک سے داؤد چورنگی کی طرف بھیجا گیا۔ بسم اللہ چوک کی جانب سب میرین انڈر پاس اور داؤد پوتا روڈ بند کر کے گاڑیوں کو لکی اسٹار سگنل کی طرف موڑ دیا گیا۔
شاہراہ فیصل پر سروان ہوٹل کی جانب راجا غضنفر علی روڈ بند کر کے ٹریفک کو مرینہ سگنل کی طرف بھیجا گیا، جبکہ ریکس سینٹر کی جانب آواری ٹاور کے قریب فاطمہ جناح روڈ بند کر کے ٹریفک فوارہ چوک کی طرف روانہ کی گئی۔ نمائش ایم اے جناح روڈ اور نمائش چورنگی کی جانب خداداد کالونی شاہراہ قائدین روڈ ٹریفک کے لیے بند رہی، اور گرو مندر سے آنے والی گاڑیوں کو پی پی چوڑنگی جبکہ کیپری چوک سے آنے والی گاڑیوں کو نمائش سے سیدھا گرو مندر کی طرف بھیجا گیا۔
ٹریفک پولیس نے بتایا کہ سوسائٹی سگنل کی جانب نمائش شاہراہ قائدین روڈ بند کر کے ٹریفک کو سوسائٹی برج کے اوپر سے کوریڈور تھری کی طرف بھیجا گیا اور پی پی چوڑنگی کی جانب کوریڈور تھری روڈ بند کر کے گاڑیاں عائشہ عزیز روڈ کی طرف موڑ دی گئیں۔ آواری ٹاور کی جانب ریجنٹ پلازہ مین شاہراہ فیصل روڈ بند کر کے ٹریفک کو آواری سگنل سے دائیں جانب فاطمہ جناح روڈ، کینٹ اسٹیشن، اسکول روڈ، سی ایس ڈی، کالا پل اور ایف ٹی سی کی طرف بھیجا گیا۔ ریجنٹ پلازہ اوور ہیڈ برج کی جانب شاہراہ فیصل کٹ بند کر کے گاڑیوں کو برج کے اوپر سے جناح کاردیو ہسپتال کی طرف روانہ کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ایم آر کیانی چوک سے ہوٹل آواری براستہ فوارہ چوک جانے والے شہریوں نے سیدھا سرور شہید روڈ، عبداللہ ہارون روڈ اور لکی اسٹار کا راستہ اختیار کیا، جبکہ کلفٹن اور آئی آئی چندریگر روڈ سے صدر زیب مارکیٹ یا ریگل چوک جانے والوں نے سب میرین چوک سے بائیں جانب کلب روڈ، پی آئی ڈی سی، شاہین کمپلیکس یا میٹروپول سے سرور شہید اور ہوٹل آواری چورنگی سے بائیں جانب ڈاکٹر داؤد پوتا روڈ کا راستہ چنا۔ صدر موبائل مارکیٹ سے کینٹ اسٹیشن براستہ ریکس سینٹر جانے والوں نے زیب النسا اسٹریٹ، ایٹریم لائٹ سگنل سے بائیں جانب لکی اسٹار، ڈاکٹر داؤد پوتا روڈ اور مہران انڈر پاس کا انتخاب کیا، جبکہ کھجور چوک سے فوارہ چوک براستہ ایوان صدر روڈ جانے والی ٹریفک کو آرٹلری میدان تھانے والی گلی سے ایم آر کیانی چوک کی جانب بھیجا گیا۔
ایئرپورٹ آنے اور جانے والے شہریوں کے لیے شاہراہ فیصل دونوں اطراف سے کھلی رہی، حیدرآباد سے کراچی آنے اور کراچی سے حیدرآباد جانے والوں نے شاہراہ فیصل اور جناح ایونیو استعمال کیا، جبکہ لیاری ایکسپریس وے کے ذریعے سہراب گوٹھ جانے والے شہریوں کے لیے یہ راستہ کھلا رکھا گیا۔ ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی کہ زحمت اور تاخیر سے بچنے کے لیے غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور منزل تک پہنچنے کے لیے متبادل راستے اختیار کریں۔
اب تک کی کہانی ٹریفک پولیس
- کراچی کے شہیدِ ملت روڈ انڈر پاس میں تصادم، تین نوجوان جاں بحق
- کراچی میں ٹریفک پولیس کی گاڑی کو ٹکر دینے والا ٹرک ڈرائیور گرفتار
- بلوچستان ہائی کورٹ نے ٹریفک پولیس اہلکار کی ہلاکت کے مقدمے میں مجید اچکزئی کی بریت کالعدم قرار دے دی، 10 سال قید بامشقت کی سزا







